عمان کے قریب جہاز پر حملے میں ایک ہندوستانی شہری کی موت
13
M.U.H
24/09/2026
عمان سے ہندوستان کے لیے افسوسناک خبر آ ئی ہے۔ مال بردار جہاز ایم وی کیپ ڈاؤ پر حملے میں ایک ہندوستانی شہری کی موت ہوگئی۔ جہاز ہندوستان کی طرف جا رہا تھا جب اسے نشانہ بنایا گیا۔ ہندوستانی سفارت خانے نے بدھ کے روز اس واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ عمانی حکام کے ساتھ مل کر جہاز پر سوار عملے کے تمام ارکان کی حفاظت کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ واضح رہےجہاز میں 20 ہندوستانی شہری سوار تھے۔ عمان کی ساحلی پٹی آبنائے ہرمز کے قریب ہے۔ آبنائے ہرمز کے ایک طرف ایران اور دوسری طرف عمان واقع ہے۔
مسقط میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ہندوستانی شہری کی موت پر غم کا اظہار کیا۔ سفارت خانے نے کہا کہ وہ مقامی حکام اور آر پی ایس ایل کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ متوفی ہندوستانی شہری کے اہل خانہ سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے اور انہیں ضروری مدد فراہم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
فارورڈ سیمینز یونین آف انڈیا (ایف ایس یو آئی) نے متوفی کی شناخت سورج یادو کے طور پر کی ہے، جو دیوریا، اتر پردیش کا رہنے والا ہے۔ یونین کے مطابق سورج یادو جہاز پر کام کرتا تھا۔ یونین نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ایم وی کیپ ڈاؤ، جو ہندوستان کی طرف بڑھ رہی تھا، حملہ کیا گیا، جس میں ایک ہندوستانی ملاح ہلاک ہوا۔ یونین نے آبنائے ہرمز میں اور اس کے آس پاس کام کرنے والے شہری سمندری جہازوں کے تحفظ کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس نے ہلاک ہونے والےکا انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
فی الحال، ہندوستانی سفارت خانے نے جہاز پر حملے کے ذمہ دار فریق کی شناخت یا حملے کے پیچھے محرکات کے بارے میں کوئی دعویٰ نہیں کیا ہے۔ اس کی توجہ جہاز میں سوار ہندوستانیوں سمیت عملے کے تمام ارکان کی حفاظت کو یقینی بنانے اور مرنے والوں کے اہل خانہ کو مدد فراہم کرنے پر ہے۔