پزشکیان اور پیوٹن کا تہران ماسکواسٹریٹجک تعاون مضبوط بنانے پر زور
62
M.U.H
07/10/2026
تہران :ایرانی صدر نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی اور روسی حکومت و عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ارنا کے سیاسی نامہ نگار کے مطابق دونوں فریقین نے تہران اور ماسکو کے درمیان دوطرفہ اور اسٹریٹجک تعاون جاری رکھنے اور اسے مزید مضبوط بنانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
صدر نے تہران ماسکو کے تعلقات میں پائے جانے والے مثبت رجحان کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون جاری رکھنے اور مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اس موقع پر ایرانی صدر کی جانب سے مبارکباد اور نیک جذبات کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام کے لیے امن، خوشحالی، سلامتی اور کامیابی کی خواہش ظاہر کی۔
انہوں نے جامع اسٹریٹیجک شراکت داری معاہدے کے تحت تہران اور ماسکو کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یہ بات زور دے کر کہی کہ علاقائی کشیدگی دونوں کے ملکوں کے تعلقات کو متاثر نہیں کرسکتی۔
روسی صدر نے دشمن کی جارحیت کے مقابلے میں ایرانی قوم کی تاریخی اور شجاعانہ استقامت کا ذکر کرتے ہوئےکہا کہ ایران کی اس ہمت اور بہادری نے دنیا بھر میں وسیع توجہ اور تحسین حاصل کی ہے۔
کشیدگی کم کرنے اور ثالثی کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ روس ان سفارتی اقدامات کی حمایت کرتا ہے؛ انہوں نے اپنے ایرانی دوستوں کو یقین دلایا کہ ماسکو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے اور مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
ٹیلی فونک گفتگو کے اختتام پر، ولادیمیر پیوٹن نے تہران اور ماسکو کے درمیان قریبی تعلقات اور تعاون کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور اسلامی انقلاب کے رہبر، آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے اپنے پُرتپاک سلام اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔