شیخ نعیم قاسم، لبنان کی حزب اللہ کے نئے سیکرٹری جنرل منتخب
18
M.U.H
29/10/2024
تہران:لبنان کی حزب اللہ نے شیخ نعیم قاسم کو حزب اللہ کا نیا سیکرٹری جنرل منتخب کرلیا ہے۔
لبنان میں حزب اللہ کی قیادت نے شیخ نعیم قاسم کو حزب اللہ کا سیکرٹری جنرل منتخب کرنے کا اعلان کردیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ خدا پر ایمان اور اسلام ناب کی سربلندی اور حزب اللہ کے نظریات اور اہداف کی پاسداری اور سیکرٹری جنرل کے انتخاب کے لیے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق، حزب اللہ کونسل نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ شیخ نعیم قاسم کو حزب اللہ کا سیکرٹری جنرل اور اس کا پرچم بردار منتخب کیا جائے۔
بیان میں شیخ نعیم قاسم کی حزب اللہ کے سربراہ کی حیثیت سے ان کے مشن میں کامیابی کی آرزو کی گئی ہے۔
اس بیان کے ایک اور حصے میں کہا گیا ہے کہ ہم خداوند کریم، شہید سید حسن نصر اللہ اور اسلامی مزاحمت کے دیگر شہداء، مجاہدین، لبنان کے صابر اور وفادار عوام کے ساتھ حزب اللہ کے نظریات کی تکمیل اور اس کے اہداف کے حصول کا عہد کرتے ہیں۔ حزب اللہ کے پرچم کو بلند رکھیں گے اور فتح حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
صیہونی فوج نے اواخر ستمبر سے اپنی دہشت گردانہ کارروائیوں میں حزب اللہ کے متعدد کمانڈروں کو شہید کیا اور پھر بیروت کے جنوبی مضافات میں حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللہ کو انتہائی طاقتور بارودی حملے میں شہید کر دیا۔
سید حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد لبنان کی حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ مزاحمت کے سپہ سالار، صالح انسان، عظیم شہید، بہادر رہنما، مومن، صاحب بصیرت انسان ابدی اور شہداء کے کارواں میں شامل ہو گئے ہیں۔ سید حسن نصر اللہ عظیم شہداء میں شامل ہوگئے جنہوں نے اس تنظیم کو تقریباً 30 سال تک فتح کے راستے پر گامزن رکھا۔
اپنے بیان کے تسلسل میں حزب اللہ نے شہید سید حسن نصر اللہ کے ساتھ عہد کیا کہ وہ دشمن کے خلاف جہاد جاری رکھے گی، غزہ اور فلسطین کی حمایت کرے گی اور لبنان کا دفاع کرے گی۔