مقبوضہ فلسطین کے شہر تل ابیب میں تین مختلف جگہوں پر زوردار دھماکے ہوئے ہیں۔ صیہونی اخبار کے مطابق غاصب صیہونی ریاست کی سیکورٹی سروس نے پورے شہر میں بس روک دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی ایجنسی شابک نے بس ڈرائیوروں کو کہا ہے کہ بسوں کی چیکنگ کریں۔ سیکورٹی ایجنسی نے احتمال ظاہر کیا ہے کہ مختلف جگہوں پر بم نصب کئے گئے ہیں اس لئے بس سروس معطل کروا دی گئی ہے۔ بت یام اور خولون میں دھماکوں کے بعد دیگر جگہوں پر دھماکوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ عبری ذرائع کا کہنا ہے کہ نصب شدہ بم مغربی کنارے سے تل ابیب پہنچائے گئے تھے، ایک ہی وقت میں مختلف جگہوں پر دھماکوں کی منصوبہ بندی کی گئی تھی، بم خالی بسوں میں نصب کیے تھے اس لئے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔