سید حسن نصراللہ کے صاحب زادے کی عوام سے شہید کی تشییع جنازہ میں بڑے پیمانے پر شرکت کی اپیل
30
M.U.H
22/02/2025
شہید مقاومت سید حسن نصرا اللہ کے صاحبزادے نے اپنے والد کی نماز جنازہ میں عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
سید حسن نصراللہ کے صاحبزادے مہدی نصر اللہ نے ایک ویڈیو پیغام میں شہید مقاومت سے محبت رکھنے والے تمام افراد پر زور دیا کہ وہ تشییع جنازہ میں شامل ہو کر اپنی وفاداری کا ثبوت دیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تقریب شہید کے عقیدت مندوں اور مزاحمت کے حامیوں کے لئے اپنے موقف کے اظہار کا بہترین موقع ہو گی۔
مہدی نصر اللہ نے کہا کہ دشمنوں اور بدخواہوں نے تشییع جنازہ کی تقریب کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی، تاہم جو لوگ جنازے میں شرکت کرنا چاہتے ہیں ان سے ہم کم از کم یہ کہہ سکتے ہیں کہ آپ وفادار اور پرعزم ہیں۔
مہدی نصراللہ نے تشییع جنازہ کے مراسم میں شرکت سے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرنے والوں کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کئی دہائیوں تک شدید طوفانوں کے خلاف ثابت قدم رہے یہاں تک کہ اسرائیل نے لبنان پر ہزاروں گولہ بارود اور بم برسائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اتوار کے دن آپ کی موجودگی محض حاضری نہیں ہےبلکہ یہ آپ کے موقف کا واضح اعلان ہے۔
مہدی نصراللہ نے کہا سید مقاومت کے جانشین سید ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ بھی اتوار کو ادا کی جائے گی۔ وہ اکتوبر میں اسرائیلی حملے میں شہید یوگئے تھے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس سے قبل کہا تھا کہ تہران اعلیٰ سطح پر جنازے میں شرکت کرے گا۔