روہتاس:وزیر اعظم نریندر مودی نے بہار کے ضلع روہتاس کے کاراکاٹ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور دہشت گردی پر سخت موقف اختیار کیا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اگر دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا تو ہندوستان اسے اس کے بل سے نکال کر کچل دے گا۔
انہوں نے آپریشن سندور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دشمن نے ہندوستان کی جو طاقت دیکھی ہے، وہ صرف ہمارے ترکش کا ایک تیر ہے، دشمن سمجھ لے کہ ہمارے پاس اور بھی بہت کچھ ہے۔ مودی نے کہا کہ پاکستان میں بیٹھے لوگوں نے ہماری بہنوں کا سندور اجاڑنے کی کوشش کی، لیکن ہماری فوج نے ان کے ٹھکانوں کو کھنڈر میں بدل دیا۔ یہی ہے نیا ہندوستان، اور یہی ہے اس کی طاقت۔
انہوں نے بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے جوانوں کی بہادری کو بھی سراہا اور کہا کہ آپریشن سندور میں بی ایس ایف کے جری سپاہیوں نے بے مثال کارنامے انجام دیے ہیں، جو سرحدوں پر ایک ناقابل تسخیر چٹان بنے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جنگ ہر اُس دشمن سے ہے جو ملک کے خلاف سازش کرتا ہے، چاہے وہ سرحد پار ہو یا ملک کے اندر۔
انہوں نے یاد دلایا کہ بہار کے ساسارام، کیمور اور دیگر اضلاع میں نکسلیوں کا خوف کبھی عام تھا، لیکن 2014 کے بعد حکومت نے ماؤ نوازوں کو ان کے کیے کی سزا دینی شروع کی، اور آج ان علاقوں میں امن اور ترقی کی فضا قائم ہو چکی ہے۔
مودی نے ویر کنور سنگھ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ بہار کی یہ دھرتی قربانی اور بہادری کی علامت ہے، جہاں کے نوجوان ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں نچھاور کرتے ہیں۔ انہوں نے ترقیاتی کاموں کا بھی ذکر کیا، جن میں پٹنہ ایئرپورٹ کے جدید ٹرمینل کا افتتاح، بہٹا ایئرپورٹ پر 1400 کروڑ کی سرمایہ کاری، ریاست میں فور لین سڑکوں کا جال، اور ریلوے نظام کی بہتری شامل ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ان تمام منصوبوں سے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ تجارت اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ ان کا یہ خطاب قوم پرستی، سلامتی اور ترقی کے ایجنڈے پر مرکوز تھا، جو موجودہ سیاسی حالات میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔