عالمی منچ پر پاکستان کو بے نقاب کرنے والے اویسی کا ملک واپسی پر شاندار استقبال، حمایت میں لگے پوسٹر
41
M.U.H
04/06/2025
اے آئی ایم آئی ایم سربراہ اسد الدین اویسی حال ہی میں نمائندہ وفد کے ساتھ سعودی عرب اور کویت جیسے عرب ملکوں کے دورہ پر تھے۔ جہاں انہوں نے عالمی منچ پر ہندوستان کا موقف مضبوطی سے پیش کیا ساتھ ہی دہشت گردی کو لے کر پاکستان کے جھوٹ کی پول کھول کر رکھ دی۔ اویسی کے اس انداز نے ملک بھر میں خوب سرخیاں بٹوریں۔ اب وہ اپنے وفد کے ساتھ ہندوستان واپس آ گئے ہیں جہاں حیدر آباد پہنچنے پر ان کا بہترین انداز میں استقبال ہوا۔
اویسی کے استقبال کے لیے حیدر آباد میں ان کے پوسٹر لگائے گئے۔ اے آئی ایم آئی ایم کارکنان نے پارٹی سربراہ اور حیدر آباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کے خیرمقدم کے لیے شہر کے کئی میٹرو اسٹیشن کے ستون پر ان کی تصویریں چسپاں کروائیں۔ ان پوسٹروں میں اویسی کی تعریف میں نعرے بھی تحریر تھے۔ پوسٹر میں لکھا تھا، ’’دہشت گردی کے خلاف کھڑا ایک شخص، پاکستان کے خلاف کھڑا ایک سچ، فخر کے ساتھ... بھارت کے دشمن کو بے نقاب کیا۔‘‘
اس سے پہلے اویسی سمیت کئی اراکین پارلیمنٹ نے پاکستان کی سیاہ کاریوں کی جانکاریاں دوسرے ملکوں کو دیں۔ اس دوران اویسی نے سعودی عرب میں پاکستان اور دہشت گردوں کے درمیان سانٹھ گانٹھ کی پول کھولتے ہوئے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ڈالنے کا مطالبہ کیا۔ اویسی نے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان پوری دنیا میں ڈھنڈھورہ پیٹتا ہے کہ ہندوستان مسلم ملک نہیں ہے جبکہ ہندوستان میں پاکستان سے زیادہ اسلامک اسکالر ہیں۔
پاکستان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے اویسی نے کہا تھا کہ پاکستان جھوٹی تشہیر کرتا ہے کہ ہندوستان اس پر اس لیے حملے کر رہا ہے کیونکہ وہ مسلم ملک ہے جبکہ ایسا بالکل بھی نہیں ہے۔ اویسی نے کہا کہ ہندوستان میں 24 کروڑ مسلم ہندوستانی فخر کے ساتھ رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسد الدین اویسی دہشت گردی معاملے پر پاکستان کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے ہندوستان کے ذریعہ بھیجے گئے نمائندہ وفد کا حصہ تھے۔ ان کی ٹیم نے الجیریا، سعودی عرب، کویت اور بحرین کے نمائندگان سے ملاقات کرکے انہیں آپریشن سندور اور اسے متعلق اطلاعات فراہم کیں۔