ایرانی وزیر خارجہ: ہمارے پاس افزودگی کی صلاحیت ہے، دوبارہ شروع کرنے کا وقت حالات پر منحصر ہے
44
M.U.H
03/08/2025
تہران: فنانشل ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم اپنے افزودگی پروگرام کو دوبارہ شروع کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں اور دوبارہ شروع کرنے کا وقت اور طریقہ حالات پر منحصر ہے۔
سید عباس عراقچی نے کہا کہ امریکہ کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ وہ بمباری کے ذریعے ٹیکنالوجی کو تباہ نہیں کر سکتا لیکن مذاکرات کے ذریعے ایک ایسا معاہدہ کیا جا سکتا ہے جو دونوں فریقوں کے لیے مناسب ہو۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ کو یہ تشویش ہے کہ ایران نیوکلئیر ہتھیار نہ بنائے تو ایسا ممکن ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے فنانشل ٹائمز کی مڈل ایسٹ سروس کے ایڈیٹر اینڈریو انگلینڈ کو بتایا کہ فوجی جارحیت نے ثابت کر دیا کہ ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف فوجی آپشن کار آمد نہیں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تصادم کا راستہ جاری رکھنے سے نہ صرف سفارت کاری کا آپشن مزید پیچیدہ ہو جائے گا، بلکہ واپسی کا موقع بھی ضائع ہو سکتا ہے۔
عراقچی نے یہ بتاتے ہوئے کہ ایران کے پاس اب بھی یورینیم کو افزودہ کرنے کی صلاحیت ہے اور یہ کہ یہ ٹیکنالوجی "بمباری سے تباہ نہیں ہوگی"، کہا کہ ایران مذاکرات کی طرف تبھی واپس آئے گا جب امریکہ کی جانب سے معاہدے میں سنجیدگی کا یقین دلایا جائے گا۔
انہوں نے یورپ کی جانب سے ٹریگر میکانزم کو فعال کرنے کو "جوہری مذاکرات میں ان کے کردار کا خاتمہ" قرار دیا۔