ایرانی وزیر خارجہ: ایرانی عوام نے 12 روزہ جنگ میں صیہونی حکومت کو شکست فاش دی
28
M.U.H
04/08/2025
تہران: ایرانی وزیر خارجہ نے آج 4 اگست کو یوم صحافت کے موقع پر وزارت خارجہ کے ترجمان کے اجلاس میں شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے 12 روزہ جنگ میں صیہونی حکومت کو شکست فاش دی۔
سید عباس عراقچی نے یوم صحافت کی مناسبت سے وزارت خارجہ کے ترجمان کے اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ میں آپ کے درمیان موجود ہوں۔ عراقچی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف صیہونی جارحیت کے دنوں میں صحافیوں اور میڈیا سے وابستہ لوگوں نے بہت ہی خاص اور شاندار کردار ادا کیا ہے۔ ہم نے اس میدان میں ان کی بے لوث اور پیشہ ورانہ موجودگی کے بہت سے یادگار مناظر دیکھے۔ بہت سے بین الاقوامی مبصرین نے ایران میں موجودصحافیوں کا موازنہ دنیا کے دیگر حصوں میں صحافیوں کی کارکردگی سے کیا۔ کہاں وہ صحافی جو خطرے کا سامنا کرنے سے گھبراتے ہیں اور کہاں ایرانی صحافی جو اس مشکل وقت میں بہادری کے ساتھ لمحہ بہ لمحہ واقعات کی رپورٹنگ کرتے رہے اور خود بھی اس مزاحمتی اور تاریخی مقاومت کا حصہ بنتے رہے جن کے نام ایرانی قوم کی یادوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ریڈیو اور ٹیلیوژن پر مصروف صحافیوں اور کارپوریشن کے منتظمین، کے مشکور ہیں۔ بموں اور میزائلوں کی بارش جیسے مشکل حالات میں بھی انہوں نے انتہائی بہادری کا مظاہرہ کیا اور دشمن کو اپنے مقصد تک نہیں پہنچنے دیا۔ جس دن انہوں نے ایران کی آواز کو نشانہ بنایا اور ایرانی براڈکاسٹنگ کارپوریشن پر بمباری کی تو یہ آواز ایک لمحے کے لیے بھی خاموش نہیں ہوئی، بلکہ اس کے برعکس حق کی آواز دنیا نے سنی جو ہر ایرانی کے لیے باعث فخر ہے۔