نوح: گاڑی کھڑی کرنے پر پرتشدد تصادم، پتھراؤ اور آگ لگنے سے درجنوں افراد زخمی
24
M.U.H
13/08/2025
ہریانہ-راجستھان سرحد پر واقع نوح ضلع کے منڈاکا گاؤں میں گاڑی پارک کرنے کو لے کر ہونے والا معمولی تنازعہ پرتشدد تصادم میں بدل گیا۔ دونوں طرف سے پتھر اور شیشے کی بوتلیں پھینکی گئیں۔ اس دوران ایک موٹر سائیکل اور جھگی نما دکان کو آگ لگا دی گئی۔ اس واقعے میں دونوں اطراف کے درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملنے پر تھانہ فیروز پور جھرکہ پولیس موقع پر پہنچی اور حالات پر قابو پانے کی کوشش کی۔ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر قریبی تھانوں سے اضافی پولیس فورس اور ڈی ایس پی رینک کے افسران کو طلب کر لیا گیا۔ اس وقت پورا گاؤں پولیس چھاؤنی میں تبدیل ہو چکا ہے۔
گاؤں کے سرپنچ رام سنگھ سینی کے مطابق، قریبی گاؤں حاجی پور کے رہنے والے اسرا کے بیٹے نے اپنی گاڑی سڑک کے درمیان کھڑی کی تھی۔ گاؤں کا رہنے والا سمے سنگھ پیچھے سے آیا اور گاڑی کو ہٹانے کو کہا۔ اس دوران جھگڑا ہوا اور الزام ہے کہ کار میں سوار نوجوانوں نے شیشے کی بوتل سے سمے سنگھ پر حملہ کیا۔ اس کے بعد دونوں طرف کے لوگ آمنے سامنے آگئے اور پتھراؤ شروع ہوگیا۔ سرپنچ کا دعویٰ ہے کہ گاؤں کے تقریباً 10 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہجوم نے اس تنازعہ کو ہندو مسلم رنگ دینے کی کوشش کی لیکن پولیس نے بروقت صورتحال کو سنبھال لیا۔
ضلع پولیس کے سپرنٹنڈنٹ راجیش کمار نے بتایا کہ یہ لڑائی دو نوجوانوں کے درمیان صرف کار پارک کرنے پر ہوئی، جسے بعد میں اکسانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا، "صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی گئی ہے اور فیروز پور جھرکا پولیس نے معاملے میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تشدد میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔"
پولیس نے علاقے کے لوگوں سے امن برقرار رکھنے اور کسی بھی قسم کی افواہوں پر دھیان نہ دینے کی اپیل کی ہے۔ پولیس نے یہ انتباہ بھی کیا ہے کہ تشدد کرنے اور افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔