امریکہ سے مذاکرات میں ثالث سے زیادہ، واشنگٹن کی نیّت کی اہمیت ہے: وزیر خارجہ
10
M.U.H
16/09/2025
تہران: ایران اور ای سی او ممالک کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ایران اور امریکہ کے ممکنہ مذاکرات میں ثالثی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے بارے میں کہا کہ صرف قطر نہیں بہت سے ملک اس سلسلے میں مثبت کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے کسی بھی مذاکرات کو شروع کرنے کے لیے ثالث یا سہولت کار سے زیادہ امریکہ کی نیت کی اہمیت ہے کہ کیا واشنگٹن دھونس دھمکی کے بغیر، برابر کی پوزیشن اور باہمی مفادات کے حصول کے ارادے سے مذاکرات کے لیے تیار ہے یا نہیں۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ علاقے کے بہت سے ممالک اس موضوع کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کی پیش کش کر چکے ہیں۔
سید عباس عراقچی نے اس سوال کے جواب میں کہ کیا علاقے کے ممالک اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ اسرائیل خطے کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے کہا کہ دوحہ اجلاس، مسلم اور عرب ممالک کا ایک مشترکہ اجلاس تھا اور صیہونی حکومت کی جانب سے لاحق بڑھتے خطرے کے پیش نظر منعقد ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان اجلاس نے دکھا دیا کہ صیہونی خطرے سے آگہی میں ہر دور سے کہیں زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
وزیر خارجہ نے اس موقع پر ایکو تنظیم کی دوسری مشترکہ نشست کے بارے میں بتایا کہ اس وقت 10 سالہ حکمت عملی کا مسودہ تیار کیا جا رہا ہے اور کوشش ہے کہ مرکوز ہوکر علاقائی معاشی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ ایکو علاقائی اقتصادی تنظیم میں مزید ملکوں کی شمولیت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔