نام نہاد ابراہیمی منصوبے اور ہمارے اقدار کے مابین کوئی توازن نہیں، ایران ہرگز اس کا حصہ نہیں بنے گا: وزیر خارجہ عراقچی
42
M.U.H
12/10/2025
تہران: وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ایران کے نیوز چینل کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے خطے اور بین الاقوامی موضوعات کے سلسلے میں ایران کے اصولی موقف پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے "ابراہم اکارڈ" ( ٹرمپ کے پیش کردہ نام نہاد ابراہیمی منصوبے) کے بارے میں کہا کہ امریکی صدر اپنی من پسند باتوں کو مختلف شکلوں میں پیش کرتے ہیں اور یہ موضوع بھی ان کی باقی حرکتوں سے الگ نہیں ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ ایک سازشی منصوبہ ہے جسے تقدس کا لبادہ اڑھا دیا گیا ہے۔
انہوں نے نام نہاد ابراہیمی منصوبے کو فلسطینی عوام کو اپنے قانونی حقوق سے محروم کرنے اور ایک جعلی، غاصب، مجرم، نسل کش اور بچوں کا قتل عام کرنے والی حکومت کو تسلیم کرانے کی سازش قرار دیا۔
وزیر خارجہ عراقچی نے کہا کہ ایسا کوئی جرم بچا نہیں جس کا ارتکاب صیہونی حکومت نے نہ کیا ہو۔
سید عباس عراقچی نے زور دیکر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا موقف شروع سے ہی واضح رہا ہے اور وہ یہ ہے کہ یہ غدارانہ منصوبہ ہمارے اقدار پر پورا نہیں اترتا لہذا اس میں ہماری شمولیت کا سوال نہیں اٹھتا ہے۔
وزیر خارجہ نے مغربی ملکوں کی جانب تمام موضوعات پر ایران کے ساتھ مذاکرات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور یورپ کے ساتھ ہمارے مذاکرات ایٹمی موضوع تک محدود تھے اور اگر ملک کے مفاد میں ہوا تو مستقبل میں بھی صرف ایٹمی موضوع پر مذاکرات کیے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے مذاکرات کی بحالی کے بارے میں کہا کہ سوال یہ اٹھتا ہے کہ یورپ اور امریکہ کو وضاحت کرنی ہوگی کہ ہمیں کس لیے ایک بار پھر ان کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہیے۔ اس سے پہلے ان سے مذاکرات کیے تھے لیکن امریکہ اس معاہدے سے نکل گیا اور تین یورپی ملکوں نے بھی اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی اور وعدہ خلافی بھی کی۔
سید عباس عراقچی نے بتایا پیغامات کے تبادلے کا سلسلہ ماضی کی طرح ثالثوں کے ذریعے جاری ہے لیکن نہ امریکہ سے براہ راست کوئی بات چیت ہوئی نہ ہی یورپی ملکوں کے ساتھ مذاکرات کا کوئی پلیٹ فارم پایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ :" نیویارک کے دورے کے موقع پر یورپی ہم منصبوں سے ملاقات ہوئی اور مفاہمت کے قریب پہنچنے لگے تو یورپی حکام نے امریکہ سے اجازت لینے کی بات کہی جس پر میں نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔"
وزیر خارجہ عراقچی نے زور دیکر کہا کہ یورینیم کی افزودگی سمیت ایرانی عوام کے مفادات ہماری ریڈلائن ہے جس سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔