اقوام متحدہ نے الجولانی پر عائد پابندیاں ختم کر دیں
25
M.U.H
07/11/2025
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے امریکی تجویز پر شام کے شدت پسند رہنما ابومحمد الجولانی پر عائد پابندیاں ختم کر دی ہیں، جس پر ماضی میں دہشت گردی کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جمعرات کے روز ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے شام میں سرگرم شدت پسند رہنما ابومحمد الجولانی اور اس کے وزیر داخلہ انس خطاب پر عائد پابندیاں ختم کر دی ہیں۔
یہ قرارداد امریکہ کی تجویز پر پیش کی گئی تھی، جسے 14 ممالک کی حمایت حاصل ہوئی، جبکہ چین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
پابندیوں کی منسوخی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب الجولانی، جو اب "احمد الشرع" کے نام سے جانے جاتے ہیں، امریکہ کے سرکاری دورے پر روانہ ہونے والے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق، صدر ڈونلڈ ٹرمپ پیر کے روز ان سے ملاقات کریں گے۔
شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے کہا ہے کہ الشرع اپنے دورے کے دوران باقی ماندہ پابندیوں کے خاتمے، شام کی تعمیر نو اور انسداد دہشت گردی جیسے امور پر امریکی حکام سے بات چیت کریں گے۔
امریکی حکام اس سے قبل بھی الجولانی کی قیادت میں قائم گروہ پر عائد بعض پابندیاں ختم کر چکے ہیں، جسے ناقدین دہشت گردی کے خلاف پالیسی میں تضاد قرار دے رہے ہیں۔