اسرائیلی میڈیا نے غزہ کی پٹی میں صیہونی ایجنٹ فورس کے کمانڈر یاسر ابو شباب کی ہلاکت کی خبر دی ہے
اسلام ٹائمز۔ غاصب اسرائیلی رژیم کے آرمی ریڈیو نے قابض صیہونی رژیم کی جانب سے غزہ کی پٹی میں تیار کردہ ایجنٹ فورس کے کمانڈر یاسر ابوشباب کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیلی آرمی ریڈیو کے مطابق رفح شہر میں اسرائیلی فوج کی حمایت یافتہ ملیشیا "عوامی فورس" کا صیہونی نواز کمانڈر یاسر ابو شباب کسی نامعلوم مسلح گروپ کی فائرنگ سے ہلاک ہوا ہے۔ اس بارے اپنی رپورٹ میں اسرائیلی چینل 14 نے بھی اس کی موت کی تصدیق کی ہے جبکہ معروف صہیونی صحافی و تجزیہ کار ہلیل بیتون روزن کا کہنا ہے کہ مشرقی رفح میں غزہ کی صیہونی ملیشیا کا کمانڈر، یاسر ابو شباب کہ جس نے حالیہ مہینوں میں اسرائیل کے ساتھ وسیع تعاون کرتے ہوئے پاپولر فورسز کے نام سے ایک مسلح گروپ بھی تشکیل دیا تھا، مسلح افراد کے ہاتھوں قتل کر دیا گیا ہے۔
صیہونی چینل 12 کے رپورٹر امیت سیگل نے بھی "اسرائیل کے لئے ایک بری خبر" کے عنوان سے یاسر ابو شباب کی موت کی اطلاع دی اور کہا ہے کہ حماس، یاسر ابو شباب کو اپنی خودمختاری کے لئے ایک اسٹریٹجک خطرہ سمجھتی ہے لہذا اس بات کی تحقیق کی جانی چاہیئے کہ حماس فورسز "ییلو لائنز" کو عبور کر کے اسے قتل کرنے میں کس طرح سے کامیاب ہوئی ہیں؟
دوسری جانب عبری زبان کے معروف صیہونی ای مجلے ہدشوت (Hadshot Lelo Tsenzoura) نے بھی لکھا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ یاسر ابو شباب اور اس کا نائب غسان الدہینی، دونوں حماس کی جانب سے گھات لگا کر کئے گئے حملے میں پھنس گئے تھے۔