وقف رجسٹریشن میں تاخیر پر اگلے 3 ماہ تک کوئی جرمانہ نہیں: کرن رجیجو
14
M.U.H
05/12/2025
اقلیتی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ مرکز آئندہ تین ماہ تک وقف قانون کے تحت ’’امید‘‘ پورٹل پر جائیدادیں درج کرانے والے متولیوں کے خلاف کوئی جرمانہ یا سخت کارروائی نہیں کرے گا، حالانکہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ گزر چکی ہے۔
رجیجو نے بتایا کہ کئی ارکانِ پارلیمان اور سماجی رہنماؤں نے آخری تاریخ یعنی 5 دسمبر میں توسیع کی درخواست کی تھی، لیکن سپریم کورٹ نے چھ ماہ کی مقررہ مدت کے بعد تاریخ بڑھانے سے انکار کردیا۔
وزیر نے متولیوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریبونل سے رجوع کریں، کیونکہ وقف (ترمیمی) ایکٹ کے تحت ٹریبونل کو مدت میں چھ ماہ تک کی توسیع دینے کا اختیار حاصل ہے۔ کرن رجیجو نے کہا کہ وقف قانون بنانے کے بعد ہم نے یو مید پورٹل شروع کیا تھا اور چھ ماہ کا وقت دیا تھا کہ تمام وقف جائیدادیں رجسٹر کی جائیں۔ آج آخری دن ہے اور لاکھوں جائیدادیں ابھی تک رجسٹر نہیں ہو سکیں۔ اب تک 1.5 لاکھ سے زیادہ جائیدادیں یو مید پورٹل پر درج ہو چکی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں تمام متولیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ تین مہینے تک ہم کوئی جرمانہ یا سخت کارروائی نہیں کریں گے، بشرتے کہ وہ یو مید پورٹل پر رجسٹریشن کرائیں۔ اگر آپ رجسٹر نہیں کر سکتے تو درخواست ہے کہ ٹریبونل جائیں۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے کہ چھ ماہ کی مدت کے بعد تاریخ میں توسیع نہیں ہو سکتی، لیکن ٹریبونل کے پاس مزید چھ ماہ کی توسیع کا اختیار ہے۔ رجیجو نے کہا کہ مرکز زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کرتا ہے لیکن قانون کا پابند ہے۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ پارلیمنٹ نے وقف ترمیمی ایکٹ منظور کیا ہے، اس لیے ہم قانون تبدیل نہیں کر سکتے۔ اس سے پہلے سپریم کورٹ نے وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 کے مطابق وقف جائیدادوں کی رجسٹریشن کے لیے دی گئی چھ ماہ کی مدت میں توسیع کی درخواستوں کو سماعت کے لائق نہیں سمجھا۔
جسٹس دیپنکر دتہ اور جسٹس آگسٹین جارج مسیح کی بنچ نے درخواست گزاروں کو مشورہ دیا کہ وہ اس سلسلے میں وقف ٹریبونل سے رجوع کریں۔