صدر پزشکیان: جامع معاہدے پر مکمل عملدرامد کے لیے پرعزم ہیں
16
M.U.H
13/12/2025
تہران: ترکمانستان میں امن اور اعتماد کانفرنس کے موقع پر ایران اور روس کے صدور نے ملاقات اور گفتگو کی۔
اس موقع پر صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اور روس کے مابین تعاون کے جامع معاہدے پر عملدرامد کے لیے تہران پرعزم ہے اور امید ہے کہ روسی فریق بھی اس منصوبے کی کامیابی کے لیے اپنی رفتار مزید بڑھائے گا۔
صدر مملکت نے ولادیمیر پوتین سے ملاقات کے دوران تہران اور ماسکو کے تعلقات کی گہرائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر روس کی حمایت کے قدرداں ہیں۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ جس معاہدے پر دستخط کیے ہیں اس پر عملی جامہ پہنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی گھروں کی تعمیر، نقل و حمل اور راہداری کے مشترکہ منصوبوں پر عملدرامد کا سلسلہ پرزور طریقے سے جاری ہے۔
ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ مارچ 2026 تک ایران کی جانب سے ان منصوبوں پر عملدرامد کے لیے ضروری بنیادیں مکمل کر دی جائیں گی۔
اس موقع پر روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے بھی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ تہران اور ماسکو کے درمیان تعاون کے جامع معاہدے پر دستخط دوطرفہ تعلقات میں فروغ کی جانب ایک تاریخی موڑ ہے۔