ہم نے ہندوستان کے لئے گولیاں کھائی ہیں، دوبارہ بھی کھانے تیار ہیں:فاروق عبداللہ
20
M.U.H
23/01/2026
جموں: نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے منگل کے روز جموں میں بلاک صدور اور سیکریٹریز کے دو روزہ کنونشن کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بی جے پی کے ان الزامات کو سختی سے مسترد کیا جن میں کہا گیا تھا کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی وادی میں دوبارہ پتھراؤ یا دہشت گردی کو فروغ دینا چاہتی ہیں۔ فاروق عبداللہ نے واضح الفاظ میں کہا کہ ان کی جماعت نے ملک کے ساتھ رہنے کی خاطر قربانیاں دی ہیں اور وہ آج بھی ملک کیلئے ہر طرح کی آزمائش کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہندوستان کے ساتھ رہنے کیلئے گولیاں کھائی ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو دوبارہ بھی کھائیں گے ۔ انہوں نے بی جے پی کے ان لیڈروں کو بھی سخت جواب دیا جنہوں نے جموں کو کشمیر سے الگ ریاستی درجہ دینے کی بات کی تھی۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے کبھی بھی ایسی سوچ کو قبول نہیں کیا اور نہ ہی ریاست کو مزید تقسیم کرنے کے حق میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لداخ کو الگ یونین ٹریٹری بنانے کا کوئی فائدہ وہاں کے عوام کو نہیں ہوا اور آج لداخ کے لوگ خود کہہ رہے ہیں کہ وہ دوبارہ جموں و کشمیر کے ساتھ جڑنا چاہتے ہیں۔