ایران امریکا مذاکرات جمعےکو مسقط میں ہونگے، ایرانی و امریکی حکام کی تصدیق
28
M.U.H
05/02/2026
ایران امریکا مذاکرات کی تعطلی سے متعلق تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں، ایران اور امریکا نے مذاکرات طے شدہ دن اور وقت کے مطابق ہونے کی تصدیق کردی۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں تصدیق کی کہ امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات جمعے کو صبح 10 بجے مسقط میں ہوں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے تمام ضروری انتظامات کرنے پر عمانی بھائیوں سے اظہار تشکر کیا۔ دوسری جانب دو سینیئر امریکی عہدیداروں نے بھی امریکی میڈیا سے گفتگو میں مذاکرات عمان میں ہونے کی تصدیق کر دی۔
اس سے قبل امریکا، ایران جوہری مذاکرات جمعے کو ہی ترکیہ میں شیڈول تھے، جس کے بعد ایران کی جانب سے مذاکرات استنبول سے عمان منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ایران نے مذاکرات کا مقام تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ مذاکرات میں علاقائی شراکت داروں کو شامل نہ کرنے اور بات چیت صرف جوہری معاملات تک محدود رکھنے کا بھی مطالبہ کیا تھا، تاہم ان مطالبات کو تسلیم یا رد کیے جانے سے متعلق فی الحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔