پینٹاگون میں بڑی تبدیلی، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے ڈائریکٹر کو برطرف کر دیا گیا
15
M.U.H
27/02/2026
امریکی محکمۂ دفاع (پینٹاگون) میں جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے ڈائریکٹر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ تسنیم نیوز کے حوالے سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ تین باخبر ذرائع نے بدھ کے روز رائٹرز کو بتایا کہ "فرد کاچر" کو دسمبر میں عہدہ سنبھالنے کے کچھ ہی عرصے بعد برطرف کر دیا گیا۔
جوائنٹ اسٹاف کے ترجمان نے رائٹرز کے سوال کے جواب میں تصدیق کی کہ کاچر اپنے اصل ادارے، یعنی امریکی بحریہ میں واپس جائیں گے۔ تاہم برطرفی کی کوئی باضابطہ وجہ نہیں بتائی گئی۔ ذرائع میں سے ایک کا کہنا تھا کہ کاچر اس منصب کے لیے موزوں نہیں تھے، لیکن کسی مخصوص وجہ کی وضاحت نہیں کی گئی۔ تمام ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی۔
جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین نے ایک بیان میں کہا کہ وہ ایڈمرل کاچر کی خدمات اور جوائنٹ اسٹاف میں ان کے کردار کے شکر گزار ہیں۔واضح رہے کہ جوائنٹ اسٹاف کے ڈائریکٹر کا منصب پینٹاگون میں ایک اہم تین ستارہ عہدہ سمجھا جاتا ہے، جو چیئرمین کو کلیدی معاونت فراہم کرتا ہے اور اکثر اعلیٰ عسکری ذمہ داریوں، حتیٰ کہ جنگی کمانڈز کی نگرانی تک ترقی کا راستہ ہموار کرتا ہے۔
یہ برطرفی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پینٹاگون کی قیادت میں گزشتہ برس سے متعدد تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، جن میں سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس کی برطرفی بھی شامل تھی۔