سینٹکام نے امریکی لڑاکا طیاروں کے گرنے کا اعتراف کرلیا
22
M.U.H
02/03/2026
مغربی ایشیاء میں امریکی سنٹرل کمانڈ (سینٹکام) فورس نے تصدیق کی کہ اس کے تین جنگی طیارے ایرانی ڈیفنس سسٹم نے مار گرائے۔ اس بارے میں سینٹکام نے اعلان کیا کہ تین امریکی F-15E Strike Eagle جنگی طیارے، ایران کے خلاف فوجی کارروائی کر کے واپس آ رہے تھے، جنہیں کویت کی فضاء میں ایرانی دفاعی نظام نے نشانہ بنا کر گرا دیا۔ دوسری جانب آج صبح ہی ایرانی مسلح افواج کے ترجمان نے اعلان کیا کہ انہوں نے ایران اور کویت کی سرحد کے قریب 3 جدید امریکی جنگی طیاروں کو مار گرایا۔ جن کا ملبہ کویت کی سرزمین پر گرا۔ تاہم میڈیا میں آنے والی تصاویر سے پتا چلتا ہے کہ تباہ ہونے والے طیاروں میں موجود امریکی ہواباز، پیراشوٹ کی مدد سے کودنے میں کامیاب ہو گئے۔ اس کے علاوہ گزشتہ شب ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اعلان کیا کہ انہوں نے آپریشن "وعده صادق 4" کے تحت اپنی دسویں لہر میں خیبر میزائلوں سے اسرائیلی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اس بیان کے مطابق، تل ابیب میں صیہونی رژیم کے سرکاری کمپلیکس، حیفا میں فوجی و سیکورٹی مراکز، نیز مقبوضہ بیت المقدس میں وزیراعظم کے بنکر اور اس رژیم کی فضائیہ کے متعدد کمانڈروں کے ٹھکانے، ان حملوں کے اہداف میں شامل تھے۔