مذاکرات کےلئے خیر سگالی کے طور پر آئے ہیں لیکن امریکا پر کوئی اعتماد نہیں: محمد باقر قالیباف
48
M.U.H
11/04/2026
اسلامی جمہویہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اپنے ایک تازہ بیان میں کہا کہ ایران مذاکرات کیلئے خیر سگالی کے ساتھ آیا ہے، لیکن امریکا پر کوئی اعتماد نہیں۔ انہوں نے کہا امریکا حقیقی معاہدہ پیش کرے اور ایران کے حقوق تسلیم کرے تو ایران معاہدے کے لیے تیار ہے۔ باقر قالیباف نے امریکا ایران مذاکرات سے پہلے لبنان میں جنگ بندی اور ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ یہ طے شدہ نکات تھے، جن پر عمل ہونا ابھی باقی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ سید محمد عباس عراقچی نے کہا امریکا وعدوں کی پاسداری کرے، اس نے لبنان میں جنگ بندی کا وعدہ کیا ہوا ہے۔ یاد رہے کہ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف کی قیادت میں ایرانی وفد امریکا سے مذاکرات کیلئے اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ وفد میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی، دفاعی کونسل کے سیکرٹری، مرکزی بینک کے گورنر اور پارلیمنٹ کے دیگر اراکین شامل ہیں۔