آر بی آئی گورنر نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کا اندیشہ کیا ظاہر، مغربی ایشیا کے حالات کا پڑے گا اثر
30
M.U.H
13/05/2026
مغربی ایشیا میں جاری تنازعہ کا اثر اب ہندوستانی معیشت پر بھی نظر آنے لگا ہے۔ لیکن یہ اثر آنے والے دنوں میں مزید بڑھتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے گورنر سنجے ملہوترا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر یہ مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی طویل عرصہ تک جاری رہی تو ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھ سکتی ہیں۔ فی الحال حکومت اور سرکاری تیل کمپنیاں خام تیل کی بڑھتی قیمتوں کا بوجھ خود برداشت کر رہی ہیں، لیکن اس صورتحال کو زیادہ عرصہ تک برقرار رکھنا آسان نہیں ہوگا۔
یہ بیان آر بی آئی گورنر سنجے ملہوترا نے سوئٹزرلینڈ میں منعقد ایک بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے ابھی ایکسائز ڈیوٹی کم کر رکھی ہے اور سرکاری تیل کمپنیاں بھی نقصان برداشت کرتے ہوئے صارفین پر مکمل بوجھ نہیں ڈال رہیں۔ لیکن اگر جنگ اور کشیدگی طویل کھنچتی ہے تو قیمتوں میں اضافہ عام لوگوں تک پہنچ سکتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی لوگوں سے ایندھن کی بچت کرنے اور غیر ضروری اخراجات کم کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے خاص طور سے پٹرول و ڈیزل کا کم استعمال کرنے اور سونے کی خریداری مؤخر کرنے کا مشورہ دیا ہے، تاکہ ملک کے زر مبادلہ کے ذخائر محفوظ رکھے جا سکیں۔ حکومت نے سونے پر درآمدی محصول (ایکسائز ڈیوٹی) بھی دوگنا سے زیادہ بڑھا دیا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں درآمد شدہ اشیا کی طلب کم کرنے کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ہندوستان میں خوردہ مہنگائی اپریل میں بڑھ کر 3.48 فیصد ہو گئی، جبکہ مارچ میں یہ 3.40 فیصد تھی۔ اگرچہ یہ اعداد و شمار اندازوں سے کم رہے، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خام تیل کی قیمتیں مسلسل بڑھتی رہیں تو مہنگائی پر دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔ مغربی ایشیا میں کشیدگی کے سبب سپلائی چین بھی متاثر ہو رہی ہے۔ مال برداری اور تیل کی سپلائی میں دشواریاں بڑھنے لگی ہیں، جس کا اثر آنے والے مہینوں میں ہندوستانی بازار پر نظر آ سکتا ہے۔
اس درمیان آر بی آئی نے موجودہ مالی سال کے لیے ہندوستان کی شرحِ نمو 6.9 فیصد رہنے کا اندازہ ظاہر کیا ہے اور مہنگائی اوسطاً 4.6 فیصد رہنے کی امید ظاہر کی ہے۔ تاہم کئی ماہرین معاشیات کا ماننا ہے کہ اگر جنگ طویل چلی تو اقتصادی ترقی سست پڑ سکتی ہے۔ آر بی آئی نے اپریل میں ریپو ریٹ 5.25 فیصد پر برقرار رکھا تھا۔ گورنر ملہوترا نے کہا کہ مرکزی بینک اب ہر میٹنگ میں آنے والے اقتصادی اعداد و شمار کی بنیاد پر فیصلے کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر مہنگائی کا اثر طویل عرصے تک برقرار رہا تو آر بی آئی ضروری اقدامات اٹھانے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔