بیروت پر اسرائیلی حملے کی وجہ سے معاہدے میں تاخیر ہوئی، ٹرمپ
8
M.U.H
14/06/2026
امریکی صدر ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے ساتھ چند گھنٹوں میں معاہدہ طے ہوسکتا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے بیروت پر حملے کی وجہ سے معاہدے میں تاخیر ہوئی۔ امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو دیے گئے ایک مختصر انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ اگلے چند گھنٹوں میں ہوجائے گا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ دو سے تین گھنٹوں میں یہ پیشرفت ممکن ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے بیروت میں ہونے والی اسرائیلی کارروائی کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور کہا کہ بیروت پر اسرائیلی حملے کی وجہ سے معاہدہ طے ہونے میں تاخیر ہوئی۔
امریکی صدر نے اسرائیلی حملوں پر ناراضی کا اظہار کیا اور سوال کیا کہ ایسے وقت میں یہ کارروائی کیوں کی جا رہی ہے۔ ٹرمپ نے نیتن یاہو پر زور دیا کہ وہ حزب اللہ کے خلاف مزید کارروائیاں روکیں تاکہ ایران کے ساتھ جاری سفارتی کوششوں کو نقصان نہ پہنچے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں مزید فوجی اقدامات مذاکراتی عمل کو متاثر کر سکتے ہیں، اس لیے تمام فریقوں کو تحمل سے کام لینا چاہیے۔ قبل ازیں امریکا کے صدر ٹرمپ نے امن معاہدے کو ممکنہ طور پر سبوتاژ کرنے کیلیے اسرائیل کے بیروت پر حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ کیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب معاہدہ طے ہونا ہے تو بیروت پر حملہ نہیں ہونا چاہیے تھا، تمام فریقوں کو صورتحال بہتر بنانے کے لیے تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔