ٹرمپ نے ہمیں دھوکہ دیا، ایران معاہدے پر شدید تحفظات ہیں:صہیونی اعلی عہدیدار
6
M.U.H
14/06/2026
اسرائیلی عبرانی زبان کے روزنامے یدیعوت آحارونوت نے ایک اعلی اسرائیلی اہلکار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والا معاہدہ اسرائیل کے لیے نقصان دہ ہے اور اس پر کسی فریق کو مکمل اطمینان حاصل نہیں۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ اہلکار نے دعوی کیا کہ معاہدے سے اسرائیلی مفادات کو شدید نقصان پہنچے گا اور اس کے اثرات خطے میں اسرائیل کی پالیسیوں پر منفی پڑ سکتے ہیں۔
اسرائیلی اہلکار نے مزید کہا کہ سب جانتے ہیں یہ معاہدہ ہمارے لیے فائدہ مند نہیں اور اس سے اسرائیل کے مفادات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ سب سے زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ اسرائیل اس پورے عمل پر کوئی مؤثر اثر و رسوخ نہیں رکھ سکا۔
انہوں نے دعوی کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کو اس معاملے میں اعتماد میں نہیں لیا، جس کے باعث اسرائیلی قیادت حیران اور پریشان ہے۔ ایران کو اس صورتحال میں فوائد حاصل ہو رہے ہیں اور وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔
اہلکار نے یہ بھی کہا کہ ایران اپنی میزائل صلاحیتوں میں اضافہ کر رہا ہے، جس کے باعث اسرائیل کو دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھاری اخراجات برداشت کرنا پڑیں گے۔ ان کے مطابق امریکی پالیسی مختلف فریقوں سے مشاورت پر مبنی ہے لیکن اسرائیل کو اس عمل میں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تاریخی طور پر امریکہ اور اسرائیل کے درمیان ایران اور خطے سے متعلق پالیسیوں میں ہم آہنگی پائی جاتی رہی ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں اختلافات اور تشویش میں اضافہ ہورہا ہے۔