ایران، لبنان میں جنگ کے خاتمے کے مطالبے پر سنجیدگی سے عمل کر رہا ہے: سید عباس عراقچی
3
M.U.H
05/07/2026
لبنان کی مقاومتی تحریک "حزب الله" کا وفد رہبرِ شہیدِ انقلاب کی تشییع جنازہ میں شرکت کے لئے اس وقت "تہران" میں موجود ہے۔ جہاں انہوں نے وزیر خارجہ خارجہ "سید عباس عراقچی" سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت "محمد فنیش" کر رہے ہیں جب کہ اس میں لبنانی پارلیمان کے متعدد اراکین اور حزب الله کے سینئر عہدیداران شامل ہیں۔ ملاقات میں محمد فنیش نے رہبر معظم انقلاب، ایرانی صدر، حکومت اور عوام کو حزب الله کے سیکرٹری جنرل "شیخ نعیم قاسم" کا سلام و تعزیتی پیغام پہنچایا۔ انہوں نے امریکہ و اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں رہبر شهید انقلاب حضرت آیت الله "سید علی حسینی خامنهای"، اُن کے خاندان اور سپاہ پاسداران کی اعلیٰ قیادت کی شہادت پر تسلیت پیش کی۔ انہوں نے ایرانی قوم کی استقامت و پائیداری اور اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی جانب سے ملک کے مؤثر دفاع کو قابل قدر قرار دیا۔
محمد فنیش نے سفارتی میدان میں ایرانی مذاکرات کاروں کی مہارت، بالخصوص لبنانی سرزمین کی سالمیت و قومی خودمختاری کی حمایت کرنے کو سراہا۔ دوسری جانب سید عباس عراقچی نے رہبرِ شہیدِ انقلاب کی تشییع جنازہ میں شرکت پر حزب الله کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے جناب شیخ نعیم قاسم کے پُرخلوص تعزیتی بیان کو قدر کی نگاہ سے دیکھا۔ انہوں نے قابض صیہونی رژیم کے مقابلے میں حزب الله کی بہادرانہ شجاعت کو لبنان اور اسلام کے لئے قابل فخر قرار دیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایران ہمیشہ استقامتی محاذ کے کاز کی حمایت جاری رکھے گا۔ آخر میں سید عباس عراقچی نے شهید "سید حسن نصر الله" سمیت تمام شہدائے مقاومتِ لبنان کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، مفاہمتی یادداشت میں طے شدہ شق کے مطابق، لبنان سے جنگ اور قبضے کے خاتمے کی سنجیدہ کوشش جاری رکھے گا۔