تہران، فلسطینی مزاحمتی محاذ کے اعلی عہدیداروں کی ایرانی وزیر خارجہ کےساتھ ملاقات
3
M.U.H
05/07/2026
پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین کے جنرل سیکرٹری و ڈپٹی سیکرٹری جنرل طلال ناجی و جمیل مزہر نے فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کے کئی ایک سینئر اراکین کے ہمراہ گذشتہ شام ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقی کے ساتھ ملاقات و گفتگو کی۔ ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی کی الوداعی تقریب میں شرکت کے لئے تہران آنے والے فلسطینی مندوبین نے مزاحمت پیشہ فلسطینی عوام اور مجاہدین کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے، ایران کے خلاف امریکہ و اسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ جنگ کے دوران رہبر انقلاب اسلامی ایران نیز متعدد اعلی فوجی کمانڈروں و حکام کی شہادت پر تعزیت پیش کی۔
انہوں نے فلسطینی کاز کی حمایت میں ایران عظیم قائد کے تاریخی و جرأت مندانہ موقف کو سراہتے ہوئے اس اطمینان کا اظہار کیا کہ دفاعی میدان میں ایرانی مسلح افواج، سفارتکاری کے میدان میں ایرانی مذاکراتکاروں نیز مزاحمت و یکجہتی کے میدان میں ایرانی عوام کی شاندار فتوحات سے اسلامی جمہوریہ ایران؛ عزت، خودمختاری اور پیشرفت کے رَستے پر مزید طاقت و قوت کے ساتھ گامزن رہے گا۔ فلسطینی مزاحمتی گروہوں کے اعلی عہدیداروں نے غزہ اور مغربی کنارے میں قابض صیہونی رژیم کے وحشیانہ جرائم اور مقبوضہ فلسطین میں صیہونی رژیم کے ہاتھوں استعماری نسل کشی کے تسلسل پر ایک رپورٹ بھی پیش کی کہ جس میں؛ فلسطینی عوام کی حمایت نیز مجرموں و غاصبوں کے محاسبے سے متعلق تمام، بالخصوص اسلامی ممالک کی اخلاقی، مذہبی و قانونی ذمہ داری پر زور دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ نے بھی شہید رہبر انقلاب اسلامی ایران کو خراج عقیدت پیش کرنے کی اس تقریب میں فلسطینی مزاحمتی جماعتوں کے قائدین کی موجودگی کو سراہا اور زور دیتے ہوئے کہا کہ قابض صیہونی دشمن اور مجرم امریکہ یہ سمجھتا ہے کہ وہ مزاحمتی قائدین کو جسمانی طور پر قتل کر کے اس عظیم شجرۂ طیبہ کو تباہ کر سکتا ہے تاہم عملی طور پر، مزاحمتی شہداء کا پاکیزہ خون ہی امریکی و اسرائیلی مجرموں کی رسوائی کا باعث بنا ہے۔ سید عباس عراقچی نے تاکید کرتے ہوئے مزید کہا کہ جیسا کہ ایران کے شہید رہبر نے بارہا تاکید کی ہے کہ فلسطینی عوام کی مزاحمت و استقامت اور فلسطینی گروہوں کے اتحاد و ہم آہنگی کے سائے میں فلسطین اور القدس کی آزادی کا حصول یقینی ہے.. ایران، فلسطینی عوام کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت میں کوئی کسر اُٹھا نہ چھوڑے گا۔