اگر حوثیوں نے بحیرہ احمر کی ناکہ بندی کی دھمکی پر عمل کیا تو امریکا اسکا جواب دیگا: ڈونلڈ ٹرمپ
4
M.U.H
21/07/2026
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر حوثیوں نے بحیرہ احمر کی ناکہ بندی کی دھمکی پر عمل کیا تو امریکا کو معاملہ خود سنبھالنا پڑے گا، امریکا اس کا جواب دے گا۔ لبنانی صدر جوزف عون کے ساتھ ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران بڑی شدت سے ہمارے ساتھ معاہدہ چاہتا ہے اور ہمارے ساتھ دوبارہ ملاقاتیں کرنا چاہتا ہے، ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکتا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بہت جلد ایران کے علاقے کوہ کلنگ کو نشانہ بنائیں گے، جب تک ایران بامعنی مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہوتا، ہمیں اس میں دلچسپی نہیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق کوہ کلنگ کا علاقہ ایرانی جوہری تنصیب نطنز کے قریب واقع ہے۔ یہ علاقہ ایک انتہائی مضبوط سکیورٹی والے مقام کے طور پر جانا جاتا ہے، جہاں دو ایسے زیر زمین سرنگی کمپلیکس موجود ہیں، جن کے بارے میں ماہرین کا اندازہ ہے کہ وہ امریکا کے سب سے طاقتور بنکر شکن بموں کی پہنچ سے بھی باہر ہیں۔ یہ مقام ایران کے جوہری پروگرام سے منسلک سمجھا جاتا ہے۔
لبنان کے حوالے سے ٹرمپ کا کہنا تھا لبنان کو کئی دہائیوں سے شدید مشکلات کا سامنا رہا ہے، ہم اب لبنان کی بہت مدد کرنے جا رہے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ماضی میں لبنان کے ساتھ بہت برا سلوک کیا گیا، ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اسے مناسب طریقے سے عزت دی جائے اور وہ احترام دیا جائے، جس کا یہ مستحق ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ابراہیمی معاہدے کامیاب رہے، آئندہ مرحلے میں مزید ممالک اس میں شامل ہوں گے، ہمارا اصل مقصد لبنان اسرائیل دشمنی کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے، اگر لبنان کے صدر چاہیں گے تو میں حزب اللہ سے بھی بات کروں گا، لبنان اور خطے میں امن اور استحکام کے قیام کا وقت آچکا ہے۔