امریکہ نے سفارت کاری کے بجائے پابندیوں کو اپنا ہتھیار بنا لیا: بقائی
42
M.U.H
11/08/2026
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ واشنگٹن جب سفارت کاری کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہتا ہے تو ایران پر نئی پابندیاں عائد کرتا ہے، تاہم دباؤ اور اقتصادی محاصرے سے ایران کو جھکایا نہیں جاسکتا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی وزیرِ خزانہ کے ایران کو اقتصادی پابندیوں کے ذریعے گلا گھونٹنے سے متعلق بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکی وزیر خزانہ نے اقتصادی پابندیوں کے زریعے ایران کا گلا گھونٹنے کی کوشش پر فخر کا اظہار کیا ہے، جو نہ صرف افسوس ناک بلکہ امریکی حکمرانی کے نظام میں پابندیوں کی شدید عادت کی واضح علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ واشنگٹن جب بھی خود کو سفارت کاری کے ذریعے اپنے مقاصد آگے بڑھانے سے عاجز پاتا ہے تو پابندیوں کا سہارا لیتا ہے، اور جب یہ پابندیاں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرتیں تو ان کی شدت میں مزید اضافہ کر دیتا ہے۔
ایرانی ترجمان کے مطابق، یہ اب سیاست نہیں بلکہ ایک عادت بن چکی ہے، اور اس سے بھی زیادہ خطرناک بات یہ ہے کہ یہ ایسی لت ہے جس نے سوچ بچار اور عقلی فیصلوں کی جگہ لے لی ہے۔
بقائی نے مزید کہا کہ ایران نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران ثابت کیا ہے کہ فرسودہ دھمکیوں، سخت بیانات اور غیر انسانی دباؤ کے ذریعے اسے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اصل خطرہ یہ ہے کہ امریکی سیاست دان پابندیوں کی اس بیماری میں خود کو اس حد تک الجھا لیں کہ جس بحران کو انہوں نے خود پیدا کیا ہے، اس سے نسبتا کم ذلت آمیز طریقے سے نکلنے کے اپنے آخری مواقع بھی ضائع کردیں۔