نیپال میں سیلاب کے بعد 320 ہندوستانی شہری لاپتا، چین کی سرحد پر پھنسے 400 افراد محفوظ: وزارتِ خارجہ
13
M.U.H
28/08/2026
انہوں نے مزید کہا کہ چین کی سرحد کے قریب پھنسے 96 ہندوستانی شہری سڑک کے راستے محفوظ طریقے سے نیپال پہنچ چکے ہیں اور انہیں بھی وہاں سے نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ وزارتِ خارجہ کو مزید معلومات ملنے پر ان کے بارے میں تازہ تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ اس وقت تقریباً 320 ہندوستانی شہری ایسے ہیں جن سے رابطہ نہیں ہو پا رہا یا جو لاپتا ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اعداد و شمار حتمی نہیں ہیں، کیونکہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور مختلف فہرستوں کا باہمی موازنہ کیا جا رہا ہے۔
جیسوال نے بتایا کہ تقریباً 100 ہندوستانی نژاد افراد بھی تاحال رابطے سے باہر ہیں۔ ان میں ایسے افراد شامل ہو سکتے ہیں جو کیلاش مانسروور یاترا پر گئے تھے، لیکن ان کے پاس ہندوستانی کے علاوہ کسی اور ملک کی شہریت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی وزارتِ خارجہ کا کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔ کھٹمنڈو اور بیجنگ میں ہندوستانی سفارت خانوں کے کنٹرول روم بھی مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
جیسوال نے بتایا کہ چین کی سرحد پر پھنسے تقریباً 400 ہندوستانی شہری محفوظ ہیں اور اپنے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہاں فون اور دیگر مواصلاتی خدمات کام کر رہی ہیں، جس کی وجہ سے یہ افراد اپنے خاندانوں سے رابطہ کر پا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بیجنگ میں ہندوستانی سفارتخانہ مقامی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور سرحد پر موجود ہندوستانی شہریوں کا متعدد نمائندوں، ٹیم لیڈرز اور ٹریول ایجنٹس سے بھی رابطہ قائم ہے۔ کئی افراد کے اہل خانہ نے بھی بیجنگ میں ہندوستانی سفارتخانے کی جانب سے چلائی جانے والی ہیلپ لائنز کے ذریعے رابطہ کیا ہے۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہندوستانی سفارتخانہ چینی حکام کے ساتھ مل کر ان افراد کو محفوظ طریقے سے نکالنے کے امکانات تلاش کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ چین کی سرحد پر پھنسے 400 سے زائد ہندوستانی شہری فی الحال محفوظ ہیں، تاہم صورتحال میں تبدیلی کے ساتھ اعداد و شمار بھی تبدیل ہو سکتے ہیں۔