’دنیا جنگوں اور بحرانوں سے دوچار، بھارت پھر بھی تیزی سے کر رہا ہے ترقی‘، 7.8 فیصد جی ڈی پی نمو پر وزیر اعظم مودی کا پیغام
14
M.U.H
01/09/2026
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت کی 7.8 فیصد جی ڈی پی شرح نمو پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب پوری دنیا جنگوں اور مختلف بحرانوں سے دوچار ہے، تب بھی بھارت تیز رفتاری کے ساتھ ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے اس معاشی کامیابی کو ملک کی اجتماعی طاقت، عوامی عزم اور محنت کا نتیجہ قرار دیا۔ وزیر اعظم مودی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے ملک کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 7.8 فیصد جی ڈی پی نمو حاصل ہونا ہر بھارتی کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی 140 کروڑ بھارتیوں کی مشترکہ کوششوں اور قومی عزم کی عکاس ہے۔
بحرانوں کے باوجود بھارت کی معیشت مضبوط
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دنیا اس وقت جنگوں، اقتصادی مشکلات اور کئی عالمی بحرانوں کا سامنا کر رہی ہے۔ کورونا وبا کے بعد سے عالمی سطح پر استحکام کی صورتحال پیدا نہیں ہو سکی ہے اور سپلائی چین بھی متاثر رہی ہے، لیکن اس کے باوجود بھارت مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی حالات کے باوجود بھارت کی معیشت مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور ملک ترقی کی نئی منزلیں طے کر رہا ہے۔
’ووکل فار لوکل‘ اور ’سودیشی‘ اپنانے کی اپیل
وزیر اعظم مودی نے عوام سے ’سودیشی‘ اور ’ووکل فار لوکل‘ کے اصول کو اپنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مقامی مصنوعات کے استعمال اور خود انحصاری کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو صرف تفریح یا تقریبات کے لیے بیرون ملک جانے سے گریز کرنا چاہیے۔ خاص طور پر شادیوں کے حوالے سے ’بھارت میں شادیوں‘ کے تصور کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے۔ وزیر اعظم نے یہ بھی مشورہ دیا کہ جب تک انتہائی ضرورت نہ ہو، سونے کی خریداری سے بھی احتیاط برتی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنا زیادہ زور خود انحصاری اور مقامی مصنوعات پر دیا جائے گا، اتنا ہی ملک مضبوط ہوگا۔
2047 تک ’وکست بھارت‘ کا ہدف
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اگر ملک اسی عزم اور محنت کے ساتھ آگے بڑھتا رہا تو آزادی کے 100 برس مکمل ہونے تک بھارت نوجوانوں کو ایک ترقی یافتہ اور مضبوط ملک کا تحفہ دے سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی محنت مستقبل کی نسلوں کے خوابوں کو پورا کرے گی۔ حکومت کی پالیسیاں درست سمت میں ہیں اور نیت صاف ہے، جبکہ 140 کروڑ بھارتیوں کی مشترکہ طاقت ملک کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے متحد ہے۔ وزیر اعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس کامیابی کا جشن منائیں، مضبوط عزم کریں اور مل کر بھارت کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔