کیرالہ: قتل معاملے میں بی جے پی-آر ایس ایس کے 8 کارکنوں کو عمر قید
40
M.U.H
16/01/2025
کیرالہ کی ایک عدالت نے بدھ کو بی جے پی-آر ایس ایس کے 8 کارکنوں کو عمر قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے 10 جنوری کو انہیں مئی 2013 میں عالم کوڈ کے پاس ایک سی پی آئی ایم کارکن کی پٹائی اور چاقو گھونپ کر قتل کرنے کے معاملے میں قصوروار ٹھہرایا تھا۔
ترواننت پورم کے ایڈیشنل ضلع اور سیشن جج چہارم سدرشن نے شمبھو کمار عرف شمبھو، شری جیت عرف اُننی، ہری کمار، چندر موہن عرف امبلی اور سنتوش عرف چندو کو قتل اور مجرمانہ سازش کے لیے دوہرے عمر قید کی سزا سنائی۔ حالانکہ سزائیں ایک ساتھ چلیں گی اور ہر ایک قصوروار پر ایک-ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ اس کے علاوہ عدالت نے تین دیگر ابھیشیک عرف اَنّی سنتوش، پرشانت عرف پجھنجی پرشانت اور سجیو کو مجرمانہ سازش کے تحت سزا سنائی۔ عدالت نے ہر ایک پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ لگایا۔
عدالت نے سبھی قصورواروں پر کُل ملا کر 6.5 لاکھ روپے کا جرمانہ لگایا ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگر قصورواروں سے پورا جرمانہ وصول کیا جاتا ہے تو یہ رقم مہلوک کی بیوہ اور بچوں کو دی جائے گی۔ عدالت نے آگے کہا کہ اگر حکومت کے ذریعہ آٹھوں قصورواروں کی عمر قید کی سزا معاف یا کم کر دی جاتی ہے تو زیر سماعت قیدی کے طور پر حراست میں گزارے گئے ان کے وقت کو انہیں دی جانے والی سزا میں سے گھٹا دیا جائے گا۔
اس معاملے میں ایس پی پی اے۔اے۔ حکیم نے بتایا ہے کہ شری کمار عرف اشوکن کا قتل کرنے کی وجہ اس کے دوست آد بینو اور ایک ملزم شمبھو کے درمیان مالی تنازعہ تھا۔ ایس پی پی کے مطابق شری کمار نے مالی تنازعہ میں مداخلت کی تھی اور شمبھو سے ان کا جھگڑا ہوا تھا۔ اس کے بعد آٹھ ملزمین نے بدلہ لینے کی سازش رچی اور 5 مئی 2013 کو عالم کوڈ کے پاس شری کمار کی پٹائی کی اور چاکو گھونپ کر اسے قتل کر دیا۔ ایس پی پی نے یہ بھی بتایا کہ معاملے میں 8 دیگر ملزمین کو ثبوتوں کی کمی میں بری کر دیا گیا، جن پر شواہد کو ختم کرنے اور حملہ آوروں کو فرار ہونے میں مدد کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔