’کچرا، گندگی، بدبو سے بھری پڑی ہے جمنا، ندی تو بچی ہی نہیں‘، جمنا کا جائزہ لینے کے بعد راہل گاندھی کا تلخ تبصرہ
20
M.U.H
31/01/2025
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی 29 جنوری کو اچانک دہلی سے بہنے والی جمنا ندی کا جائزہ لینے پہنچ گئے۔ اس دوران انھوں نے جو کچھ دیکھا، اور لوگوں سے جو بات چیت ہوئی، اس سے وہ بہت فکر مند نظر آئے۔ آج راہل گاندھی نے اپنے یوٹیوب چینل پر کل کیے گئے دورہ کی ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ جمنا ندی میں ہر طرف گندی ہے اور پانی میں جگہ جگہ سفید جھاگ پیدا ہو رہا ہے۔ جمنا کا جائزہ لینے کے بعد راہل گاندھی نے تلخ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر آپ بھی میری طرح دہلی کے باشندہ ہیں تو جمنا جی کی بدحالی دیکھ کر تکلیف تو بہت ہوتی ہوگی۔‘‘
راہل گاندھی نے دورہ سے متعلق تذکرہ کرتے ہوئے ویڈیو کے ڈسکرپشن میں لکھا ہے کہ ’’کل صبح سویرے جمنا جی کے کنارے پہنچ کر وہاں مقامی باشندوں، کشتی رانوں اور جمنا کی حالت سے فکرمند سماجی کارکنان سے بات کی۔ کچرا، گندگی، بدبو اور سیویج سے بھری پڑی ہے جمنا۔ یعنی ندی تو کہیں بچی ہی نہیں ہے۔ تحقیق کرنے والوں کے مطابق ندی کا صاف پانی سیویج ٹریٹمنٹ کے لیے نکال کر سیویج کو ہی ندی میں ڈال دیتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’پہلے عقیدتمند بڑی تعداد میں جمنا جی میں ڈبکی لگانے آیا کرتے تھے، اب گنتی کے لوگ آتے ہیں، وہ بھی اپنی صحت کو جوکھم میں ڈال کر۔‘‘
جمنا کی گندگی کو دیکھنے کے بعد راہل گاندھی دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو ہدف تنقید بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’دہلی میں برسراقتدار ہونے کے بعد سے ہی کیجریوال کھوکھلے وعدے کرتے رہے ہیں۔ کہا تھا جمنا کو صاف کریں گے، میں ڈبکی لگاؤں گا ورنہ ووٹ مت دینا، اور نہ جانے کتنی لمبی لمبی تقریریں۔ اور آج پھر سے وہ جمنا کے پانی کی بوتل لیے بیٹھے ہیں الزام تراشیاں کرتے ہوئے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’یہ صرف جمنا جی کی بے عزتی نہیں، دہلی کی عوام کی زندگی کے ساتھ سالوں سے چل رہا کھلواڑ ہے۔ مودی اور کیجریوال حکومت کی لاپروائی و بدعنوانی کے سنگم کا نتیجہ ہے جمنا جی کی یہ خوفناک حالت۔‘‘
راہل گاندھی نے جمنا ندی کی حالت زار پر تبصرہ اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر بھی کیا ہے۔ انھوں نے کیجریوال سے سوال کیا ہے کہ ’’کیجریوال جی، اب تو 2025 آ گیا۔ آپ جمنا میں ڈبکی کب لگائیں گے؟ دہلی انتظار کر رہی ہے۔‘‘ وہ ایک دیگر پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’’ہمیں جمنا کو صرف ایک واٹر باڈی کی شکل میں نہیں، ایک جاندار کی شکل میں دیکھنا ہوگا۔ ہمیں اس کی عزت کرنی ہوگی۔ جب حکومت نے جمنا کو اس کے حال پر چھوڑ دیا ہے، تب ہمیں مل کر اس کی حالت میں تبدیلی کے لیے قدم بڑھانا ہوگا۔‘‘ عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے راہل گاندھی نے اپنے پوسٹ میں ایک لنک بھی شیئر کیا ہے اور لکھا ہے کہ ’’اگر آپ کے پاس کوئی مشورہ ہے تو ہمارے ساتھ اس لنک پر شیئر کریں، ہم سنیں گے آواز ہندوستان کی۔‘‘
کانگریس نے بھی اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر جمنا ندی کی گندگی کے لیے عآپ اور کیجریوال کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ اس پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’عآپ اور کیجریوال کے جھوٹ نے جمنا کو برباد کر دیا ہے۔ آج جمنا گندگی، سیویج اور کچرے سے بھری پڑی ہے۔ دہلی کی ’لائف لائن‘ جمنا کے ساتھ ایسی لاپروائی اور کھلواڑ ناقابل برداشت ہے۔‘‘ کانگریس نے مزید لکھا ہے کہ ’’کیجریوال نے ووٹ حاصل کرنے کے لیے جمنا کی صفائی کا کھوکھلا وعدہ کیا تھا، لیکن آج ان کی حقیقت سب کے سامنے ہے۔ ایسی حالت میں پوری دہلی یہی پوچھی رہی ہے– کیجریوال جمنا میں ڈبکی کب لگائیں گے؟‘‘