حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ کے کمانڈر انچیف محمد ضیف کی شہادت کی تصدیق
9
M.U.H
31/01/2025
حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ کے ترجمان نے غزہ جنگ میں اپنے کمانڈر انچیف محمد الضیف کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔ فلسطین کی معا نیوز ایجنسی کے مطابق القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے اعلان کیا ہے کہ بریگیڈ کے کمانڈر انچیف محمد ضیف غزہ جنگ کے دوران اپنے چند ساتھی کمانڈروں کے ہمراہ شہید ہوگئے ہیں۔ ابو عبیدہ نے بتایا ہے کہ القسام بریگیڈ کے کمانڈر انچیف محمد ضیف، بریگیڈ کے ڈپٹی کمانڈر مروان عیسی (ابوالبراء) اسلحہ خانہ اور جنگی سروسز کے کمانڈر غازی ابو طماعہ (ابو موسیٰ)، شعبہ افرادی قوت کے کمانڈر رائد ثابت، خان یونس ڈویژن کے کمانڈر رافع سلامہ (ابو محمد) نارتھ ڈویژن کے کمانڈر احمد الغندور (ابو انس) اور سینٹرل ڈویژن کے کمانڈر ایمن نوفل (ابو احمد) کے ہمراہ غزہ جنگ میں شہید ہوگئے ہیں۔
محمد الضیف حماس کے عسکری ونگ، القسام بریگیڈز کے بانیوں میں شامل تھے اور انہوں نے 20 سال سے زائد عرصے تک اس فورس کی قیادت کی۔ انہیں ان حملوں کا منصوبہ ساز بھی سمجھا جاتا ہے، جن میں درجنوں اسرائیلی مارے گئے۔ الضیف کو حماس کے زیر زمین سرنگوں کے نیٹ ورک اور بم سازی کی مہارت کو فروغ دینے کا بھی ذمہ دار قرار دیا جاتا ہے۔ اگست 2014ء میں غزہ میں ایک اسرائیلی فضائی حملے میں الضیف کی اہلیہ اور سات ماہ کے بیٹے کی شہادت ہوئی، جب ان کے اہل خانہ ایک گھر میں مقیم تھے۔
اسرائیلی حملوں میں الضیف کئی بار نشانہ بنے، جن میں ایک آنکھ ضائع ہونے اور ایک ٹانگ پر شدید چوٹیں آنے کی اطلاعات ہیں۔ ان کی مسلسل بقا اور حماس کے عسکری ونگ کی قیادت نے انہیں فلسطینی عوام میں ایک مقبول شخصیت بنا دیا۔ اگست 2024ء میں اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا کہ 13 جولائی کو خان یونس کے مغرب میں المواسی میں ایک فضائی حملے میں الضیف کو شہید کر دیا گیا۔ تاہم حماس نے اس دعوے کی تردید کی اور کہا تھا کہ الضیف خیریت سے ہیں اور گروپ کی کارروائیوں کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں۔