دہلی میں ووٹنگ سے پہلے وزیر اعظم مودی کا عام آدمی پارٹی پر سخت حملہ، دہلی میں بی جے پی حکومت بنانے کا دعویٰ
26
M.U.H
02/02/2025
نئی دہلی: دہلی میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر انتخابی مہم اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔ اسی سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی کے آر کے پورم میں ایک بڑی انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ اس دوران پی ایم مودی نے عام آدمی پارٹی (عآپ) کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دہلی میں بی جے پی حکومت بنانے کا پراعتماد دعویٰ کیا۔
پی ایم مودی نے کہا کہ بسنت پنچمی کے ساتھ ہی موسم میں تبدیلی آتی ہے اور اسی طرح دہلی کی سیاست میں بھی تبدیلی آنے والی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’پانچ فروری کو دہلی میں ترقی کا نیا بسنت آنے والا ہے۔ اس بار دہلی کی عوام کہہ رہی ہے، اب کی بار بی جے پی سرکار۔‘‘
وزیر اعظم نے حالیہ بجٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ ہندوستان کی تاریخ میں مڈل کلاس کے لیے سب سے زیادہ دوستانہ بجٹ ہے۔ انہوں نے کہا، ’’پہلے بجٹ سنتے ہی مڈل کلاس کے لوگ فکر مند ہو جاتے تھے لیکن ہماری حکومت نے 12 لاکھ روپے تک کی آمدنی پر انکم ٹیکس کو صفر کر دیا ہے، جس سے مڈل کلاس کے ہزاروں روپے بچیں گے۔‘‘
پی ایم مودی نے مزید کہا کہ دہلی کے بزرگ شہریوں کو بھی بجٹ سے بڑا فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت بننے پر بزرگوں کو 2500 روپے ماہانہ پنشن دی جائے گی اور 5 لاکھ روپے تک کا مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔
ریلی کے دوران وزیر اعظم نے دہلی میں ڈبل انجن حکومت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا، ’’ہمیں دہلی کے لیے ایک ڈبل انجن حکومت چاہیے، جو جھگڑوں کے بجائے ترقی پر توجہ دے اور عوام کی خدمت کرے۔‘‘
پی ایم مودی نے مڈل کلاس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا، "ہندوستان کی ترقی میں مڈل کلاس کا اہم کردار ہے۔ بی جے پی ہی وہ پارٹی ہے جو مڈل کلاس کو عزت دیتی ہے اور ایماندار ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔"
انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے ترقی یافتہ ہندوستان کے لیے چار اہم ستونوں—غریب، کسان، نوجوان اور خواتین کو مضبوط بنانے کی گارنٹی دی ہے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ حالیہ بجٹ اسی گارنٹی کو پورا کرنے کی سمت میں ایک بڑا قدم ہے۔