محمود خلیل کی گرفتاری کیخلاف احتجاج، نیویارک پولیس نے 100 مظاہرین کو گرفتار کرلیا
10
M.U.H
14/03/2025
فلسطینیوں کے حامی محمود خلیل کی گرفتاری کے خلاف مین ہٹن میں ٹرمپ ٹاور پر احتجاج کے دوران نیویارک پولیس نے 100 کے قریب مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کولمبیا یونیورسٹی کے طالبعلم اور فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کرنے پر گرفتار محمود خلیل کی گرفتاری کے خلاف مین ہٹن میں ٹرمپ ٹاور پر احتجاج کیا گیا، جس دوران مظاہرین محمود خلیل کی رہائی کے نعرے لگاتے رہے۔ نیویارک پولیس کا بتانا ہے کہ سرخ شرٹوں پر مظاہرین نے اسرائیل کو غیر مسلح کرنے سمیت فلسطین کے حق میں مطالبات تحریر کر رکھے تھے۔
پولیس کے مطابق احتجاج کے دوران 100 کے قریب مظاہرین کو گرفتار کرلیا، تاہم پولیس کا بتانا ہے کہ مظاہرے کے دوران کسی کے زخمی یا املاک کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) نے محمود خلیل کو گرفتار کیا تھا، محمود خلیل کی گرفتاری کے خلاف امریکا کی مختلف ریاستوں میں مظاہرے کیے گئے ہیں۔