بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی قربت پر بی جے پی خاموش: اویسی
22
M.U.H
30/06/2025
چھترپتی سمبھاجی نگر (پی ٹی آئی)آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسدالدین اویسی نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) غیر قانونی بنگلہ دیشی تارکین وطن کے ہندوستان میں داخلے پر واویلا مچاتی ہے لیکن وہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی قربت اور چین کی جانب سے بنگلہ دیش کی سرحد پر ہوائی اڈے کی تعمیر کو نظر انداز کر رہی ہے۔اتوار کو پربھنی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حیدرآباد کے رکن پارلیمان نے کہا کہ بی جے پی کے اراکین اس بات کو سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ہندوستان کی سرحدوں پر کیا صورت حال پیدا ہو رہی ہے۔
انہوں نے سوال کیاوہ مسلسل کہتے ہیں کہ بنگلہ دیشی لوگ غیر قانونی طور پر ہندوستان میں بس رہے ہیں۔ تو پھر مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، انٹیلی جنس ایجنسیاں اور بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کیا کر رہے ہیں؟اویسی نے دعویٰ کیا کہ عبوری حکومت کے تحت محمد یونس کے اقتدار میں آنے کے بعد بنگلہ دیش اور پاکستان کی بحریہ مشترکہ مشقیں کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی رہنما اپنے بنگلہ دیشی ہم منصبوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ چین بنگلہ دیش کی سرحد پر ہوائی اڈا بنا رہا ہے۔ اگر جنگ چھڑ گئی تو یہ تین محاذوں پر پھیل جائے گی۔ ان خطرات پر غور کرنے کے بجائے بی جے پی کے لوگ بار بار غیر قانونی امیگریشن کی رٹ لگائے بیٹھے ہیں۔
اویسی نے کہا کہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کو اسکولوں میں تیسری زبان کے نفاذ سے متعلق دو حکومتی فیصلے (جی آر) عوامی مخالفت کی وجہ سے منسوخ کرنے پڑے، کیونکہ لوگوں نے ریاست میں مراٹھی زبان کی اولیت کی حمایت کی۔حیدرآباد کے ایم پی نے کہا کہ تنوع بھارت کی شناخت اور امتیازی شان ہے۔
انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کہتی ہے کہ بھارت میں صرف ایک زبان، ایک ثقافت اور ایک نظریہ ہوگا۔ اگر ایسا ہوا تو بھارت ایک آمرانہ ریاست بن جائے گا۔ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ بھارت مختلف رنگوں کی نمائندگی کرتا ہے اور ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ یہ رنگ برقرار رہیں۔اویسی نے مراٹھا کوٹہ کے کارکن منوج جارنگے کی بھی حمایت کا اعلان کیا جو او بی سی کوٹہ کے لیے تحریک چلا رہے ہیں۔