راہل گاندھی کا الزام: میرے بہنوئی رابرٹ واڈرا کو مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے
33
M.U.H
18/07/2025
نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے جمعہ کے روز مرکز کی مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ان کے بہنوئی رابرٹ واڈرا کو ہراساں کر رہی ہے۔ دراصل، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ہریانہ کے شکوہ پور میں زمین کی خرید و فروخت میں مبینہ بے ضابطگیوں سے جڑے منی لانڈرنگ کیس میں رابرٹ واڈرا کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔
اسی کو بنیاد بنا کر راہل گاندھی نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' (سابق ٹوئٹر) پر لکھا: میرے بہنوئی کو گزشتہ 10 سالوں سے یہ حکومت ہراساں کر رہی ہے۔ یہ حالیہ چارج شیٹ اسی ظلم و ستم کے سلسلے کی ایک اور کڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: میں اپنی بہن پرینکا گاندھی واڈرا، رابرٹ واڈرا اور ان کے بچوں کے ساتھ کھڑا ہوں، کیونکہ وہ ایک اور بدنیتی پر مبنی، سیاسی طور پر محرک حملے کا سامنا کر رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ سبھی ہر طرح کی آزمائش کا حوصلے اور وقار کے ساتھ سامنا کرتے رہیں گے۔
آخرکار سچائی کی ہی جیت ہوگی۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED) نے جمعرات کو 56 سالہ رابرٹ واڈرا کے خلاف ایک فوجداری مقدمے میں پراسیکیوشن کمپلینٹ (چارج شیٹ) داخل کی۔ ساتھ ہی ایجنسی نے راجستھان، ہریانہ، اترپردیش، پنجاب اور گجرات میں واقع 43 غیر منقولہ جائیدادیں بھی ضبط کر لی ہیں، جن کی مالیت تقریباً 37.64 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ یہ جائیدادیں رابرٹ واڈرا اور ان کی کمپنی اسکائی لائٹ ہاسپیٹیلٹی پرائیویٹ لمیٹڈ سے منسلک بتائی گئی ہیں۔
چارج شیٹ کے بعد رابرٹ واڈرا کے دفتر نے ایک بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا: یہ کارروائی موجودہ حکومت کی جانب سے سیاسی انتقامی کارروائی کا تسلسل ہے۔ اس کا مقصد رابرٹ واڈرا کو سیاسی طور پر بدنام کرنا اور ہراساں کرنا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ حکومت رابرٹ واڈرا اور ان کے خاندان کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے، لیکن وہ اس طرح کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے۔