دباؤ اور دھمکی کی فرسودہ پالیسی سے دستبردار ہوں: یورپ کو وزیر خارجہ عراقچی کی تجویز
33
M.U.H
18/07/2025
تہران: وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے گزشتہ روز یورپی ٹرائیکا کے وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ سے ویڈیو کانفرنس کی۔
عراقچی نے اس کانفرنس کے بعد ایک ایکس پوسٹ میں لکھا کہ یورپی وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کو دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ 2015 میں حاصل شدہ معاہدے کی خلاف ورزی امریکہ نے کی نہ کہ ایران نے، امریکہ اس معاہدے سے نکلا نہ کہ ایران اور گزشتہ جون کو امریکہ نے مذاکرات کی میز چھوڑ کر فوجی آپشن اختیار کیا نہ کہ ایران نے۔
سید عباس عراقچی نے بتایا کہ یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ سے کہا کہ مذاکرات اسی وقت ممکن ہوں گے جب فریق مقابلےایک منصفانہ، متوازن اور دونوں فریقوں کے مفادات کے تحفظ پر مبنی ایک معاہدے کے لیے تیار ہو۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ پر واضح کیا گیا کہ اگر یورپ اس سلسلے میں کسی کردار کا خواہاں ہے تو اسے ذمہ دارانہ رویہ اپناتے ہوئے، دھونس، دھمکی اور دباؤ کی فرسودہ پالیسی اور اسنیپ بیک کو فعال کرنے کے غیراخلاقی اور غیرقانونی رویے سے دستبردار ہونا پڑے گا۔