آر ایس ایس کا ترانہ گانے والے ڈی کے شیوکمار نے پیش کی وضاحت، معافی بھی مانگی
26
M.U.H
27/08/2025
کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے چند ماہ قبل ریاستی اسمبلی میں آر ایس ایس کا ترانہ گایا تھا۔ اس عمل کے بعد بی جے پی نے کئی مواقع پر انھیں ہدف تنقید بنایا۔ اب اس معاملے میں ڈی کے شیوکمار نے اپنی طرف سے وضاحت پیش کی ہے اور آر ایس ایس کا ترانہ گانے کے لیے انڈیا بلاک کے ساتھیوں سے معافی بھی مانگی ہے۔ ڈی کے شیوکمار کا کہنا ہے کہ اگر ان کے اس عمل سے کانگریس یا انڈیا اتحاد کے کسی بھی ساتھی کے جذبات مجروح ہوئے ہوں، تو وہ افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور معافی مانگتے ہیں۔
ڈی کے شیوکمار نے اسمبلی میں آر ایس ایس کا ترانہ گانے سے متعلق اپنی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے تو صرف مذاق میں بی جے پی کی ٹانگ کھینچنے کے لیے وہ ترانہ گایا تھا۔ میرے کچھ دوست اسے سیاسی رنگ دے کر عوام میں گمراہی پیدا کر رہے ہیں۔ میرا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’اگر کسی کے جذبات مجروح ہوئے ہیں تو میں معافی مانگتا ہوں۔‘‘
خود کو پیدائشی کانگریسی بتاتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’گاندھی فیملی پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا۔ میں پیدائش سے ہی کانگریسی ہوں اور آخری سانس تک کانگریسی رہوں گا۔ میری الگ الگ پارٹیوں سے بھی دوستی اور رشتے ہیں، میں کسی کو ٹھیس نہیں پہنچانا چاہتا۔ ڈی کے شیوکمار نے جب آر ایس ایس کا ترانہ گایا تو اس کے بعد بی جے پی میں ان کی انٹری کو لے کر قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں۔ اس معاملے میں بھی انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ کانگریس کے لیے ان کی وفاداری کبھی ختم نہیں ہوگی۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’میں 1980 سے کانگریس اور گاندھی فیملی کے ساتھ ہوں۔ مجھ سے معافی مانگنے کے لیے ہائی کمان نے کبھی نہیں کہا۔‘‘