جموں و کشمیر سے عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے مہراج ملک کو پی ایس اے کے تحت کیا گیا گرفتار
24
M.U.H
08/09/2025
جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈا سے منتخب عام آدمی پارٹی (AAP) کے رکنِ اسمبلی مہراج ملک کو پیر کے روز سخت گیر پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔ یہ ریاست کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی موجودہ ایم ایل اے کو PSA کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مہراج ملک کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ ڈوڈا کے ڈاک بنگلے کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ پولیس نے انھیں زبردستی ڈاک بنگلے کے اندر لے جا کر حراست میں لیا اور بعد ازاں PSA کے تحت مقدمہ درج کیا۔
مہراج ملک کو بھدرواہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کے خلاف متعدد ایف آئی آرز درج ہیں، تاہم تفصیلات ابھی تک منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔ واضح رہے کہ مہراج ملک نے گزشتہ سال اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے امیدوار گجے سنگھ رانا کو 4,538 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔ انھوں نے پہلے نیشنل کانفرنس کی حکومت کو اپنی حمایت دی تھی، لیکن جون 2025 میں یہ حمایت واپس لے کر اپوزیشن میں بیٹھنے کا اعلان کیا۔
مہراج ملک کی گرفتاری پر سامنے آیا شدید ردعمل
ان کی گرفتاری پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ پیپلز کانفرنس کے صدر اور ایم ایل اے سجاد لون نے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم مہراج ملک پر PSA کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ یہ جمہوریت کو ایک کھوکھلا ڈھانچہ بنا دینے کے مترادف ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’عوام کے ووٹ سے منتخب نمائندوں کو اگر بولنے کا حق نہیں دیا جائے گا، تو انتخابات کا کیا فائدہ؟‘‘ اسی طرح پی ڈی پی کے رہنما اور ایم ایل اے وحید پرا نے بھی اس کارروائی کو ’’سیاسی آوازوں کو دبانے کی کوشش‘‘ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ایسے آمرانہ اقدامات جمہوریت میں اختلافات کو حل کرنے کا ذریعہ نہیں ہو سکتے، بلکہ یہ جمہوری اداروں کی ساکھ کو مزید نقصان پہنچاتے ہیں۔‘‘ دریں اثنا سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ اس گرفتاری سے جموں و کشمیر میں سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب علاقہ پہلے ہی عوامی نمائندگی اور اختیارات کی کمی کے باعث غیر یقینی صورت حال کا شکار ہے۔