کانگریس فوج کی بجائے دہشت گردوں کی حمایت کر رہی ہے: وزیراعظم مودی
29
M.U.H
14/09/2025
مَنگل دئی (آ سام): وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو الزام لگایا کہ کانگریس ملک کی فوج کی حمایت کرنے کے بجائے پاکستان پرورش یافتہ دہشت گردوں کا ساتھ دے رہی ہے۔ مودی نے اسام کے ضلع دارنگ کے مَنگل دئی میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس پر یہ الزام بھی لگایا کہ وہ گھس پیٹھ کرنے والوں اور قوم دشمن طاقتوں کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔
وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی گھس پیٹھ کرنے والوں کی زمین ہڑپنے اور آبادی کا تناسب بدلنے کی سازش کو ناکام بنا دے گی۔ عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا، ‘‘کانگریس بھارتی فوج کی حمایت کرنے کے بجائے پاکستان کے پلے ہوئے دہشت گردوں کی حمایت کرتی ہے۔ وہ گھس پیٹھ کرنے والوں اور ملک دشمن عناصر کو تحفظ دیتی ہے۔’’
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ کانگریس نے کئی دہائیوں تک اسام پر حکومت کی لیکن برہم پتر ندی پر ‘‘صرف تین پل’’ بنائے، جبکہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت نے پچھلے 10 برسوں میں چھ ایسے پل تعمیر کیے ہیں۔ مودی نے ‘‘قبضہ کی گئی زمین سے گھس پیٹھ کرنے والوں کو باہر نکالنے اور ان زمینوں پر کسانوں کے کھیتی کرنے کے اقدامات’’ پر اسام کے وزیراعلیٰ ہیمنت بِشوا شرما کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں سے ایک کے طور پر ابھر رہا ہے اور اسام کی ترقی کی شرح 13 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا، ‘‘یہ ڈبل انجن والی حکومت کی کوششوں سے ممکن ہوا ہے۔ مرکز اور ریاست کی حکومت اسام کو صحت کے ایک بڑے مرکز کے طور پر تیار کر رہی ہیں۔ ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے میں شمال مشرق کی بڑی ذمہ داری ہے۔’’