روسی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ نے عراقی قیادت کو یقین دلایا کہ ماسکو سکیورٹی تعاون اور حشد الشعبی کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط کرے گا۔
روسی سلامتی کونسل کے سیکریٹری سرگئی شویگو نے اپنے دورۂ عراق کے موقع پر کہا کہ صہیونی حکومت کے ہاتھوں غزہ میں جاری بے مثال قتل عام کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران اور اسرائیل کے درمیان براہِ راست تصادم ہوا تو پورا خطہ ایک نئی اور وسیع جنگ کی لپیٹ میں آسکتا ہے۔ شویگو نے شام، لبنان اور یمن میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو بھی باعث تشویش قرار دیا۔
روسی سیکریٹری نے مزید کہا کہ ماسکو دہشت گردی اور منشیات کے خلاف جدوجہد میں عراق کی حشد الشعبی کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
واضح رہے کہ شویگو گذشتہ روز ایک ورکنگ ٹرپ پر بغداد پہنچے، جہاں ان کی عراقی سیاسی اور عسکری رہنماؤں سے ملاقاتیں طے ہیں۔
روسی سلامتی کونسل کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان مذاکرات میں سکیورٹی تعاون کے فروغ اور دو طرفہ تعلقات کی توسیع کے ساتھ ساتھ خطے کی تازہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔