وقف کربلا عباس باغ میں مولاناکلب جوادنقوی پر زمین مافیائوں کے اشارے پر جان لیواحملہ
11
M.U.H
14/10/2025
لکھنؤ: وقف تحریک کے روح ورواں امام جمعہ مولاناکلب جوادنقوی کی گاڑی پر اس وقت زمین مافیائوں کے غنڈوں نے حملہ کیاجب وہ وقف کربلا عباس باغ کی زمین پر ہورہے غیر قانونی تجاوزات کا جائزہ لینے کے لئے پہونچے ۔مولاناکلب جوادنقوی کی گاڑی پر پہلے سے موجود غنڈوں نے سنگ باری کی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں ۔مولانا کے مطابق انہوں نے پہلے ہی تھانہ ٹھاکر گنج کو اطلاع دیدی تھی کہ وہ کربلا عباس باغ میں ہورہے غیر قانونی تجاوزات کا جائزہ لینے کے لئے جائیں گے ،اس کے باوجود موقع پر پولیس نہیں پہونچی ۔انہوں نے بتایاکہ واقعہ کے کافی دیر کے بعد پولیس جائے واردات پر پہونچی جس سے یہ اندازہ ہوتاہے کہ پولیس بھی زمین مافیائوں سے ملی ہوئی ہے ۔مولانانے اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے اس معاملے میں مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے زمین مافیائوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کامطالبہ کیا۔واقعہ کے فوراً بعد لکھنؤ کے لوگ کربلا عباس باغ پہونچے اور مولاناکی حمایت کا اعلان کیا۔اس موقع پر شیعہ وقف بورڈ کے چئیرمین علی زیدی اور بی جے پی لیڈر عمیل شمشی بھی کربلا عباس باغ پہونچے اور شرپسندوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔
خو د پر ہوئے جان لیواحملے کے بعد مولاناکلب جوادنقوی نے کربلا عباس باغ میں علماءاور انجمنوں کے اراکین کے ساتھ دھرناشروع کردیااور مطالبہ کیاکہ مجرموں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ۔اس کے بعد پولیس کے ساتھ ہوئی گفت و شنید اور مجرموں کے خلاف دی گئی تحریر کی بناپر مولانانے اپنا دھرنادیر رات گئے ختم کردیا۔پولیس نے کہاہے کہ وہ تحریر کی بنیاد پرجانچ کرکے ملزموں کے خلاف کاروائی کرے گی ۔مولانانے کہاکہ کربلا عباس باغ کی زمین پر مسلسل غیر قانونی تعمیرات ہورہی ہیں مگر پولیس ہماری شکایات پر کوئی کاروائی نہیں کررہی ہے ،ہم انہیں تعمیرات کا جائزہ لینے کے لئے یہاں پہونچے تھے جس کے بعد پہلے سے موجود زمین مافیائوں کے غنڈوں نے گاڑی کا محاصرہ کرلیااور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں ۔مولانانے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ پورے اترپردیش میں غیر قانونی تعمیرات کو گرارہے ہیں امید کرتے ہیں کہ وہ کربلا عباس باغ کی زمین پر ہوئی ناجائز تعمیرات کو بھی گرائیں گے ۔مولانے بتایاکہ ہم نے وہیں پر احتجاج شروع کیاہے جہاں پر حملہ ہواتھاتاکہ مجرموں کے خلاف کاروائی ہوسکے ۔مولانانے مزید کہاکہ ہم نے چند ماہ پہلے زمین مافیائوں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی تھی مگر پولیس نے اب تک کوئی کاروائی نہیں کی ۔اگر پولیس اپنی ذمہ داری اداکرتی تو آج یہ صورت حال پیدانہیں ہوتی ۔مولانانے کہاکہ اگر پولیس کاروائی نہیں کرتی ہے تو ہم آئندہ کی حکمت عملی جلد ہی طے کریں گے ۔