صیہونی رژیم جنگبندی کے معاہدے پر عمل پیرا نہیں، حماس
18
M.U.H
11/11/2025
اپنے ایک انٹرویو میں حازم قاسم کا کہنا تھا کہ صیہونیوں نے اپنے فوجی "ھادر گولڈن" کی لاش وصول کرنے کے بعد، رفح میں ہمارے مجاہدین سے متعلق کئے گئے معاہدوں سے انحراف کیا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس" کے ترجمان "حازم قاسم" نے کہا کہ "اسرائیل"، جنگ بندی کے معاہدے کو کمزور کرنے کے لئے جان بوجھ کر خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی رژیم کبھی بھی اس معاہدے کی پابند نہیں رہی۔ قابض رژیم، شمالی غزہ کے مختلف علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حازم قاسم نے کہا کہ ہم نے ثالثوں کو واضح کر دیا ہے کہ اسرائیلی قیدیوں کی باقی ماندہ لاشوں کو تلاش کرنے کے لئے ہمیں بھاری مشینری مہیا کرنا ہوگی۔ انہوں نے اس بات کی جانب بھی توجہ دلائی کہ صیہونیوں نے اپنے فوجی "ھادر گولڈن" کی لاش وصول کرنے کے بعد، رفح میں ہمارے مجاہدین سے متعلق کئے گئے معاہدوں سے انحراف کیا ہے۔