اسرائیل نے شام کے پیغامِ صلح کا جواب ہزاروں حملوں سے دیا:جولانی
17
M.U.H
07/12/2025
شام کے خودساختہ نام نہاد صدر ابو محمد الجولانی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے شام کے مثبت پیغامات کا جواب ایک ہزار فضائی اور چار سو زمینی حملوں سے دیا۔
شام کے نام نہاد صدر ابو محمد الجولانی نے دوحہ اجلاس میں کہا کہ اسرائیل بحرانوں کو دیگر ممالک کی طرف منتقل کرنے اور غزہ میں قتل عام پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے، اور یہ سب کچھ نام نہاد سکیورٹی خدشات کے بہانے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شام نے خطے میں استحکام کے لیے مثبت پیغامات بھیجے، لیکن اسرائیل نے ان پیغامات کا جواب ایک ہزار سے زائد فضائی حملوں اور 400 زمینی تجاوزات کے ذریعے دیا۔
جولانی نے بیان کیا کہ شام کی حکومت مؤثر ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ قابضین پر دباؤ ڈالا جا سکے اور انہیں اس سرزمین سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا جا سکے جو 8 دسمبر 2024 کے بعد سے قبضے میں ہے۔ ان میں سے اکثر ممالک اس مسئلے پر متفق ہیں۔ ہر معاہدہ لازماً ہمارے ملک کے مفادات کو اسرائیل کے مقابلے میں محفوظ کرے۔ اسرائیل کو 1974 کے ترکِ مخاصمہ معاہدے کی پابندی کرنی چاہیے۔
جولانی نے داخلی تنازعات اور قتل عام کا ذکر کیے بغیر دعویٰ کیا کہ شام آج اپنی بہترین حالت میں ہے۔