وندے ماترم پر بحث کے پیچھے بنگال انتخابات: پرینکا گاندھی
12
M.U.H
08/12/2025
نئی دہلی:لوک سبھا میں ’’وندے ماترم‘‘ پر ہونے والی بحث کے دوران کانگریس کی رہنما اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ پرینکا نے کہا کہ وندے ماترم تو ملک کے ذرّے ذرّے میں بسا ہوا ہے، پھر اس پر بحث کی ضرورت ہی کیا تھی؟ ساتھ ہی انہوں نے حکومت پر یہ الزام بھی لگایا کہ وندے ماترم پر بحث اس لیے کی جا رہی ہے کیونکہ مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔
پرینکا نے کہا کہ جیسے ہی ہم ’’وندے ماترم‘‘ کا نام لیتے ہیں، ہمیں پورے تاریخ کی یاد آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے وزیراعظم نریندر مودی وہ وزیراعظم نظر نہیں آتے جو پہلے ہوا کرتے تھے۔
پرینکا نے مزید کہا کہ جب ہم وندے ماترم کہتے ہیں تو ہمیں پورا وہ دور یاد آتا ہے، جو آزادی کی جدوجہد کا زمانہ تھا اس کی تکلیف، اس کی اخلاقیات، اور برطانوی سامراج کا جھک جانا۔ وندے ماترم نے ہندوستان کے لوگوں کو ایک سیاسی اور اخلاقی جذبے سے جوڑا۔ وندے ماترم نے سوئے ہوئے ہندوستان کو جگانے کا کام کیا۔ آج کی یہ بحث کچھ عجیب محسوس ہوتی ہے۔ یہ ترانہ 150 سال سے ہماری اخلاقیات کا حصہ بن چکا ہے۔ آج اس بحث کی ضرورت ہی کیا ہے؟ ہم یہاں کس مقصد سے جمع ہوئے ہیں؟‘
بحث کے پیچھے بنگال کا انتخابات : پرینکا
پرینکا گاندھی نے کہا کہ آج وندے ماترم پر جو بحث ہو رہی ہے، اس کے پیچھے دو وجوہات ہیں:پہلی، مغربی بنگال کا الیکشن، دوسری، جن لوگوں نے ملک کے لیے قربانیاں دیں، ان پر یہ حکومت نئے الزامات تھوپنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد ہے کہ پھر سے سب کو ماضی میں الجھایا جائے کیونکہ یہ حکومت مستقبل کی طرف دیکھنا ہی نہیں چاہتی۔
پرینکا کے مطابق ، سچ تو یہ ہے کہ آج نریندر مودی وہ وزیراعظم نہیں رہے جو کبھی دکھائی دیتے تھے۔ ان کی پالیسیاں ملک کو کمزور کر رہی ہیں۔
آج ملک کے لوگ حکومت سے خوش نہیں: پرینکا
کانگریس لیڈر نے کہا کہ آج ملک کے لوگ خوش نہیں ہیں، پریشان ہیں۔ مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں اور آپ ان کا حل نکال ہی نہیں رہے۔ آپ کے اپنے لوگ تک دبے لفظوں میں کہنے لگے ہیں کہ اقتدار کا حد سے زیادہ مرکزیت اختیار کرنا ملک کے لیے نقصان دہ ہو رہا ہے۔ اسی لیے آج ہم وندے ماترم پر بحث کر رہے ہیں۔
پرینکا نے کہا کہ وندے ماترم ملک کے ہر ذرّے میں زندہ ہے، اس پر بحث نہیں ہونی چاہیے۔