آئین نے عوام کو ووٹ کا حق دیا، آج اسی حق کو کمزور کیا جا رہا ہے: پرینکا گاندھی
44
M.U.H
14/12/2025
کانگریس رہنما پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ جب آزادی کی جدوجہد اپنے ابتدائی مرحلے میں تھی اور پنڈت جواہر لال نہرو عوام سے ملاقات کے لیے جاتے تھے تو لوگ ’بھارت ماتا کی جئے‘ کے نعرے لگاتے تھے۔ اس موقع پر نہرو نے واضح کیا تھا کہ بھارت ماتا صرف زمین یا قدرتی وسائل کا نام نہیں، بلکہ اس سرزمین کا ہر بیٹا اور ہر بیٹی ہی ’بھارت ماتا‘ ہے۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ نہرو کے مطابق ہندوستان کے قدرتی وسائل، معدنیات، پہاڑ، کھیت اور ندیاں بھی بھارت ماتا ہیں لیکن اصل بھارت ماتا ہندوستان کے عوام ہیں۔ اسی سوچ اور نظریے کے تحت ہندوستان کا آئین تشکیل دیا گیا اور اسی جذبے کے ساتھ عوام کو ووٹ کا حق دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اسی بنیاد پر ملک کے جمہوری ادارے قائم کیے گئے، جن میں عدلیہ، میڈیا، پارلیمنٹ، سیاسی جماعتیں، حزبِ اختلاف، حزبِ اقتدار اور الیکشن کمیشن شامل ہیں۔ یہ تمام ادارے عوام کے مفاد اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے وجود میں آئے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ آج جب انہی اداروں کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے تو ہر ہندوستانی کو آواز اٹھانی چاہیے، کیونکہ ان اداروں کو کمزور کرنا دراصل ملک کے ہر بیٹے اور ہر بیٹی کے حقوق پر حملہ ہے۔ ان کے مطابق جمہوریت کو بچانے کے لیے عوام کا متحد ہونا ناگزیر ہے۔