آسٹریلیا میں سڈنی کے ساحل پر فائرنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی
37
M.U.H
16/12/2025
آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر فائرنگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابقفائرنگ کا واقعہ سڈنی کے بونڈی بیچ پر پیش آیا، جہاں 2 مسلح افراد نے شہریوں پر فائر کھول دیا، جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت 29 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں فائرنگ کرنے والا ایک شخص مارا گیا اور دوسرے حملہ آور کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا، جبکہ فائرنگ کرنے والے کی گاڑی سے دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ فائرنگ کا واقعہ یہودیوں کے تہوار کی تقریب کے دوران پیش آیا۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ایک حملہ آور کی شناخت نوید اکرم کے نام سے ہوئی ہے، جو سڈنی کا رہائشی ہے۔ فائرنگ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مقامی آبادی کو بونڈی بیچ سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے ساحل پر فائرنگ کے واقعے کو دہشت گردی قرار دیا۔ اُدھر آسٹریلیا کی مسلم کمیونٹی کا کہنا ہے کہ معاشرے میں ایسے پُرتشدد اور مجرمانہ اقدامات کی کوئی گنجائش نہیں۔ اسرائیلی وزارت خارجہ نے واقعے میں اسرائیلی شہری کی ہلاکت کی تصدیق کی اور کہا کہ سڈنی فائرنگ واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں اسرائیلی شہری بھی شامل ہے۔