مرکزی حکومت نے ’وکست بھارت روزگار گارنٹی‘ بل کرایا متعارف، بدلے گا منریگا کا نام
34
M.U.H
15/12/2025
نئی دہلی: مرکزی حکومت نے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (MGNREGA) کی جگہ ایک نیا قانون لانے کی تیاری کر لی ہے۔ نئے مجوزہ قانون کا نام ’The Viksit Bharat–Guarantee for Rozgar and Ajeevika Mission (Gramin):‘ ’وکست بھارت‘ گارنٹی فار روزگار اینڈ آجیویکا مشن (دیہی) بل، 2025‘ رکھا گیا ہے، جسے مختصر طور پر VB-G RAM G کہا جا رہا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا مقصد دیہی روزگار کو مضبوط اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے، جبکہ اپوزیشن نے اس پر سخت اعتراض کیا ہے۔
پارلیمنٹ میں بل پیش کیے جانے کی تیاری
یہ بل پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں پیش کیے جانے کی تیاری ہے۔ حکومت نے لوک سبھا کے اراکین کو بل کی نقول تقسیم کر دی ہیں اور بی جے پی نے اپنے ارکان کو 15 سے 19 دسمبر تک ایوان میں موجود رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ حکومت کے مطابق، نئے قانون کے نفاذ کے بعد منریگا کے تمام دفعات نئے فریم ورک میں ضم ہو جائیں گے۔
منریگا سے کیا بدلے گا؟
منریگا کا آغاز 2005 میں ہوا تھا، جس کے تحت دیہی خاندانوں کو سالانہ 100 دن کی اجرتی روزگار کی ضمانت دی جاتی تھی۔ نئے بل میں اس حد کو بڑھا کر 125 دن کر دیا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو دہائیوں میں دیہی معیشت اور سماجی تحفظ کے نظام میں بڑی تبدیلیاں آئی ہیں، اس لیے ایک مزید مضبوط اور نتیجہ خیز ڈھانچے کی ضرورت ہے۔
’وکست بھارت 2047‘ سے ہم آہنگ نیا قانون
دیہی ترقی کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان کے مطابق، یہ نیا قانون ’وکست بھارت 2047‘ کے ہدف سے ہم آہنگ ہے۔ اس کے تحت ہر دیہی خاندان کے بالغ افراد کو غیر ہنرمند کام کے لیے 125 دن کی اجرتی روزگار کی قانونی ضمانت ملے گی۔
اپوزیشن کی شدید تنقید
کانگریس رہنما پرینکا گاندھی نے سوال اٹھایا کہ اسکیم سے مہاتما گاندھی کا نام کیوں ہٹایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نام بدلنے سے سرکاری دفاتر، اسٹیشنری اور دیگر انتظامی اخراجات میں غیر ضروری اضافہ ہوگا۔ کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے حکومت کو ’’ری برانڈنگ کا ماسٹر‘‘ قرار دیا، جبکہ دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے اسے گاندھی جی کی توہین اور سیاسی کریڈٹ لینے کی کوشش بتایا۔
سیاسی گرما گرمی اور حکومتی موقف
سرمائی اجلاس میں اس مسئلے پر سیاسی ماحول گرم ہے۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ نیا قانون زیادہ شفاف، جواب دہ اور مؤثر ہوگا، جبکہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ یہ محض نام بدل کر دعوے کرنے کی کوشش ہے۔ آنے والے دنوں میں پارلیمنٹ میں اس پر تفصیلی بحث متوقع ہے۔
VB-G RAM G Act, 2025: نیا قانون کیا ہے؟
منریگا کی جگہ دیہی روزگار و آجیویکا کے لیے جدید قانونی فریم ورک۔
125 دن کی اجرتی روزگار کی ضمانت۔
چار ترجیحی شعبے: آبی تحفظ، بنیادی دیہی انفراسٹرکچر، روزگار سے متعلق اثاثے، موسمیاتی آفات سے نمٹنے کے کام۔
منریگا سے بہتر کیسے؟
روزگار کے دن 100 سے 125۔
بکھرے کاموں کے بجائے پائیدار اثاثہ سازی۔
گرام پنچایت سطح پر مربوط منصوبہ بندی (PM گتی شکتی سے ربط)۔
شفافیت، نگرانی اور جواب دہی میں اضافہ۔
دیہی معیشت اور کسانوں کو فائدہ کیسے؟
آبی ذخائر، سڑکیں، منڈیوں تک رسائی، ذخیرہ گاہیں۔
بوائی/کٹائی کے دوران 60 دن تک عوامی کام روکنے کی گنجائش تاکہ زرعی مزدور دستیاب رہیں اور اجرتی افراط نہ بڑھے۔
موسمیاتی مزاحمت اور فصلوں کا تحفظ۔
مزدوروں کو کیا ملے گا؟
25 فیصد زیادہ ممکنہ آمدنی (125 دن)۔
پیشگی منصوبہ بند کام، ڈیجیٹل ادائیگیاں، آدھار پر مبنی تصدیق۔