ووٹ چوری' کانگریس کا مسئلہ ہے، 'انڈیا' اتحاد کا اس سے کوئی تعلق نہیں: عمر عبداللہ
41
M.U.H
15/12/2025
سری نگر:جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز کانگریس کی جانب سے اٹھائے گئے ’’ووٹ چوری‘‘ کے معاملے سے خود کو الگ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد ’’انڈیا‘‘ کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اس سے ایک دن قبل کانگریس کے اعلیٰ رہنماؤں نے قومی دارالحکومت میں منعقدہ ’ووٹ چور، گدی چھوڑو‘ ریلی کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور الیکشن کمشنروں کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ ’’ووٹ چوری‘‘ اقتدار میں موجود پارٹی کے ڈی این اے میں شامل ہے اور اس کے رہنما ’’غدار‘‘ ہیں جو عوام کے حقِ رائے دہی کو چھیننے کی سازش کر رہے ہیں اور انہیں اقتدار سے ہٹایا جانا چاہیے۔
عمر عبداللہ کی نیشنل کانفرنس اپوزیشن کے اتحاد ’انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلیوسِو الائنس‘ (انڈیا) کی ایک اہم جماعت ہے۔ لوک سبھا میں اپوزیشن ارکان کی تعداد کے اعتبار سے کانگریس اس اتحاد کی سب سے بڑی پارٹی ہے۔ جب کانگریس کی جانب سے اٹھائے جا رہے ’’ووٹ چوری‘‘ اور مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کے معاملے پر تبصرہ کرنے کو کہا گیا تو عبداللہ نے کہا کہ انڈیا‘ اتحاد کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ ہر سیاسی جماعت کو اپنا ایجنڈا طے کرنے کی آزادی ہے۔ کانگریس نے ’ووٹ چوری‘ اور ایس آئی آر (ووٹروں کی فہرست کا خصوصی گہرا جائزہ) کو اپنا بنیادی مسئلہ بنایا ہے۔ ہم انہیں کچھ کہنے والے کون ہوتے ہیں؟
کانگریس کا دعویٰ ہے کہ اس نے ’’ووٹ چوری‘‘ کے خلاف تقریباً چھ کروڑ دستخط جمع کیے ہیں اور وہ انہیں ہندوستان کے صدر کو سونپے گی۔